افسروں کیلئے ٹی اے ڈی اے کیلئے گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا سے وزارت تعلیم ہر بچے سے گائیڈز فنڈ کے نام پر 12 روپے سالانہ وصول کرتی ہے ،سینٹ کی ذیلی کمیٹی میں انکشافات،ذیلی کمیٹی نے بوائے سکاؤٹس کی فیس بڑھا کر گرل گائیڈز کے برابر کرنے کی سفارش کر دی ،بوائے سکاؤٹس کو اسلام آباد میں دفتر کیلئے جگہ کی فراہمی کیلئے سی ڈی اے کو خط لکھنے کا فیصلہ

جمعرات 7 اگست 2014 06:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اگست۔2014ء) سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں انکشاف کیا گیاہے کہ گلگت بلتستان ، آزاد جموں کشمیر اور خیبر پختونخوا سے وزارت تعلیم ہر بچے سے گائیڈز فنڈ کے نام پر 12 روپے سالانہ وصول کرتی ہے جس کا استعمال صرف اپنے ٹی اے ڈی اے پر کیا جاتا ہے ۔ذیلی کمیٹی نے بوائے سکاؤٹس کی فیس بڑھا کر گرل گائیڈز کے برابر کرنے کی سفارش کر دی اور بوائے سکاؤٹس کو اسلام آباد میں دفتر بنانے کیلئے جگہ کی فراہمی کیلئے سی ڈی اے کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔

ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینئر کمیٹی سینیٹر ڈاکٹر سعیدہ اقبال کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں سینیٹر ثریا امیر الدین کے علاوہ سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محمد اعجاز چوہدری ، ایڈیشنل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ عامر طارق زمان ، ڈی جی ایف اینڈ ای ،صوبائی کمشنر مسزڈاکٹر شہناز اے ریاض ، صوبائی کمشنر مسز ڈاکٹر شاہین خان، مسزفرحانہ عظیم کمشنر ، سیکرٹری مس طاہرہ احمد ، ڈائریکٹر پاکستان بوائے سکاؤٹس زاہد محمود ، ایس اقبال شاہ صوبائی سیکرٹری کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں بوائے سکاؤٹس کے خدام الحجاج کیلئے انتظامی امور ، بوائے سکاؤٹس اور گرل گائیڈز ایسوسی ایشن کے انتظامی امور ،بجٹ آمدن اور اخراجات کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیاگیا ۔ڈائریکٹر پاکستان بوائے سکاؤٹس زاہد محمود نے کمیٹی کوبتایا کہ خدام الحجاج کے لئے اسلام آباد سے آٹھ بوائے سکاؤٹس منتخب ہوئے تھے اور اگلے سال سولہ منتخب کیے جائیں گے اس سال ایک سیٹ ہے اور اگلے سال دو سیٹیں رکھی جائیں گی ۔

انتظامی امور بجٹ آمدن اور اخراجات کے حوالے سے انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ ہماری آمدن کے بڑے ذرائع گرانٹس ،عطیات، بیجز اور یونیفارم کی فروخت ، ٹریننگ سینٹر ز اور بوائے سکاؤٹس کی فیس شامل ہے۔ گرانٹس ہماری آمدن کا بڑا ذریعہ ہے پہلے وزارت تعلیم گرانٹ فراہم کر تی تھی اب بین الصوبائی رابطہ گرانٹس فراہم کرتا ہے بین الصوبائی رابطہ نے 2.8 کروڑ فراہم کیے تھے جس میں سے 60 لاکھ جینوا میں ورلڈ سکاؤٹس بیورو کو فیس کے طور پر بھیجے دیئے گئے ہیں باقی فنڈز تنخواہوں اور دیگر معاملات پر خرچ کیے جاتے ہیں ہماری سالانہ آڈٹ بھی ہوتے ہیں ہماری ایک خزانہ کی کمیٹی ہے جس کو چیئرمین کنٹرول کرتا ہے جس کے چار ممبران ہیں ایک سالانہ رپورٹ تیار کی جاتی ہے ۔

قومی مواقع پر بوائے سکاؤٹس کو وردی اور سجاوٹ کی چیزیں تنظیم فراہم کرتی ہے باقی دنوں میں بوائے سکاؤٹس اپنے اخراجات خود برداشت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بوائے سکاؤٹس کا دفتر نہیں ہے کمیٹی سفارش کرے کہ ہمیں دفتر بنانے کی جگہ فراہم کی جائے ۔ہم نے سی ڈی اے سے 35 ایکڑ زمین ٹھیکے پر لے رکھی تھی اب وہ ٹھیکہ ختم ہو رہا ہے بوائے سکاؤٹس کی سرگرمیوں کے لئے زمین کے حصول کے لئے بھی ہماری مد دکی جائے ۔

جس پر کنوینئر کمیٹی نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

نیشنل سیکرٹری گرل گائیڈز مس طاہرہ احمد نے کمیٹی کو گرل گائیڈ ز کی آمدن ،بجٹ ، اخراجات اور انتظامی امور سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گرل گائیڈ ز کی آمد ن کے ذرائع گرانٹس ، فیسیں اور پبلیکیشنز ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گائیڈز فنڈ کے نام پر گلگت بلتستان ، آزاد جموں کشمیر اور خیبر پختونخوا سے ہر بچے سے 12 روپے سالانہ محکمہ تعلیم ہر سال وصول کرتا ہے وہ فنڈز ہمیں فراہم نہیں کیے جاتے اوراپنے ٹی اے ڈی اے پر خرچ کیے جاتے ہیں ۔

حج کمپلیکس اسلام آباد میں گرل گائیڈز پہلے خواتین کو مناسک حج کے متعلق خدمات سرانجام دیتی تھیں جسے بند کر دیا گیا کمیٹی سفارش کر کے اس کو بحال کرائے ۔ذیلی کمیٹی نے بوائے سکاؤٹس اور گرل گائیڈز سے آمدن اور بجٹ میں اضافے کیلئے تجاویز طلب کر لیں اور فنڈز میں اضافے کیلئے وزراء ، سینیٹرز اور مخیر حضرات سے روابط بڑھانے کی سفارش بھی کر دی ۔