عارف علوی کا کراچی میں 42افراد کی ہلاکت کی واقعہ پر قومی اسمبلی میں شدید احتجاج،کراچی یتیم ہوگیا ،وزیراعظم کے دورہ سے بھی وارداتیں کم نہیں ہوئیں ، گھومنے جائیں تو مار دیئے جاتے ہیں ، سیر کو جائیں تو سمندری لہروں کی نذر ہوجاتے ہیں ،عارف علوی، صوبائی حکومت نے سانحہ کانوٹس لے لیاہے، ملک ابرار، طاہر القادری کو مداری نہیں کہا ، بیانات کی سختی سے تردید کرتے ہیں، طاہر القادری کی سیاست سے اختلاف ہے مگر عالم دین کا احترام کرتا ہوں،اسمبلی میں اظہار خیال

جمعرات 7 اگست 2014 06:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اگست۔2014ء) قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ عارف علوی نے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ کراچی یتیم ہوگیا ،وزیراعظم کے دورہ شہر قائد سے بھی قتل وغارت کی وارداتیں کم نہیں ہوئیں ، گھومنے جائیں تو مار دیئے جاتے ہیں ، سیر کو جائیں تو سمندری لہروں کی نذر ہوجاتے ہیں ، ساحل سمندر پر پیش آنے والے سانحہ کی ذمہ داری صوبائی حکومت تسلیم کرتے ہوئے اقدام اٹھائے ،42افراد جاں بحق ہوگئے صوبائی و مرکزی حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن ملک ابرار نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سانحہ کانوٹس لے لیاہے جبکہ محمود اچکزئی نے کہا کہ علماء کرام کااحترام کرتے ہیں طاہر القادری کو مداری نہیں کہا ، اخبارات میں چھپنے والے بیانات کی سختی سے تردید کرتے ہیں، طاہر القادری کی سیاست سے اختلاف ہے مگر عالم دین کا احترام کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے اجلاس میں بدھ کو نقطہ اعتراض پر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کراچی ساحل سمندر پر پیش آنے والے سانحہ میں کے پی ٹی اور ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی کا کردار قابل مذمت ہے، سمندر کی لہروں میں ڈوبنے والوں کے لیے کوئی ریسکیو آپریشن نہیں کیا ، نیوی کے جوانوں نے لوگوں کی جان بچائی شہر میں گھومیں تو ٹارگٹ کلرز مارتے ہیں تفریح پر جائیں تو بے رحم لہروں کی نذر ہوجاتے ہیں،مرکزی اورصوبائی حکومت کی جانب سے ساحل کے گہرے پانی میں جانے سے روکنے کے کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے بہت سے لوگ عید کے دنوں میں وہاں چلے گئے،صوبائی حکومت اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرے 42 لوگ مر گئے مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ۔

وزیراعظم نواز شریف کے جانے کے باوجود کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیاں کم نہیں ہوئیں لگتا ہے کہ کراچی یتیم ہوگیا ہے خیبر پختونخواہ میپ کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا کہ وہ علماء کرام کااحترام کرتے ہیں انہوں نے طاہر القادری کو مداری نہیں کہا، اخبارات میں شائع ہوگیا ہے عالم دین کے بارے میں خراب ریمارکس کبھی نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کی سیاست سے اختلاف اپنی جگہ لیکن اخبارات میں شائع ہونے والے ریمارکس نہیں دیئے۔ مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے ملک ابرار نے کہا کہ سانحہ کراچی کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے ۔