جسٹس سائرعلی ریٹائرڈ نے قائم مقام چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھال لیا،پی سی بی ہیڈکوارٹر پہنچنے پر بورڈ حکام کا شاندار استقبال ،پی سی بی کا نیا آئین دس جولائی کومنظورہوا اورآئین کی رو سے گورننگ بورڈ کے دس ارکان ہی الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں،چیئر مین کے نام آنے کے بعد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیں گے، جسٹس سائر علی

جمعرات 7 اگست 2014 06:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اگست۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیئرمین جسٹس سائرعلی ریٹائرڈ نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ کہتے ہیں چیئرمین کا الیکشن صرف گورننگ بورڈ کے ارکان ہی لڑسکتے ہیں۔جسٹس ریٹائرڈ سائرعلی قائم مقام چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کیلئے پی سی بی کے ہیڈ کوارٹرقذافی اسٹیڈیم پہنچے، بورڈ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

جسٹس سائرعلی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کا نیا آئین دس جولائی کومنظورہوا اورآئین کی رو سے گورننگ بورڈ کے دس ارکان ہی الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔چیئر مین کے نام آنے کے بعد انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیں گے۔جسٹس ریٹائرڈ سائرعلی نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ چیئرمین کا الیکشن ہفتوں کے بجائے دنوں میں ہوجائے۔ گورننگ بورڈ کے ارکان کوخط لکھ کرچیئرمین کے امیدواروں کے نام مانگے جائیں گے۔قائم مقام چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ وہ اختیارات سے تجاوزنہیں کریں گے، مخصوص مدت کیلئے آئے ہیں اپنا کام کرکے چلے جائیں گے۔