اسرائیلی، فلسطینی’دو ریاستی‘ حل کی جانب بڑھیں: امر یکی وزیر خا رجہ ،اسرائیل کو پورا حق ہے کہ وہ اپنے آپ کو میزائلوں کے خطرے سے محفوظ بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے، حماس نے تباہ کن اور وحشت ناک رویے کا مظاہرہ کیا،جان کیری

جمعرات 7 اگست 2014 06:32

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اگست۔2014ء)امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ فلسطینی اور اسرائیلی جنگ بندی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مسئلے کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے ’دو ریاستی حل‘ کی جانب بڑھیں۔ بی بی سی کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں جان کیری نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کو اپنے دفاع کے حق کا مکمل طور پر حامی ہے اور اسرائیل کو پورا حق ہے کہ وہ اپنے آپ کو میزائلوں کے خطرے سے محفوظ بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کوئی ملک بھی ان حالات میں نہیں رہ سکتا اور امریکہ مکمل طور پر اسرائیل کے پیچھے کھڑا ہے۔جان کیری نے کہا کہ حماس جو غزہ کو کنٹرول کرتی ہے اس نے تباہ کن اور وحشت ناک رویے کا مظاہرہ کیا۔ادھر اسرائیل اور حماس کے درمیان منگل کی صبح سے شروع سے ہونے والی تین روزہ جنگ بندی برقرار ہے اور اس کی کوئی خلاف ورزی سامنے نہیں آئی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیل اور فلسطینی گروپ جنگ بندی کو مستقل بنانے کے لیے قاہرہ میں ہونے والی بات چیت کے لیے اپنے نمائندے مصر بھیج رہے ہیں۔اس سے قبل اسرائیلی فوج نے غزہ سے تمام فوجیوں کے انخلا اور انھیں غزہ کی پٹی سے باہر ’دفاعی مقامات‘ پر تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پیٹر لرنر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ان دفاعی مقامات پر کنٹرول قائم رکھے گا۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کا مقرر کردہ ہدف غزہ سے اسرائیل میں جانے والی سرنگوں کو تباہ کرنا تھا جسے حاصل کر لیا گیا ہے۔غزہ میں حکام کا کہنا ہے کہ چار ہفتے جاری رہنے والی اس کشیدگی میں 1800 فلسطینی اور 67 اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :