صدر کرزئی کی صدارتی انتخاب کے تنازعہ کے خاتمے کی اپیل ، قوم کو حتمی نتائج کا ’بے چینی‘ سے انتظار ہے، افغان صدر

بدھ 20 اگست 2014 09:14

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء)افغان صدر حامد کرزئی نے ملک میں دو ماہ سے جاری صدارتی انتخاب کے تنازعہ کے خاتمے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ضرورت اِس بات کی ہے کہ افغانستان میں سب کی نمائندہ حکومت بنے۔ اْنھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ 25 اگست تک نیا صدر اپنا عہدہ سنبھال لے گا۔

(جاری ہے)

وہ افغانستان کی آزادی کی 95ویں سالگرہ کی مناسبت سے خطاب کررہے تھے ،ان کے ہمراہ صدارتی امیدوار عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی کھڑے تھے، جو اِس بات پر اتفاق کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ انتخابات میں کس کی جیت ہوئی۔

صدر حامد کرزئی نے کہا کہ ضرورت اِس بات کی ہے کہ افغانستان میں سب کی نمائندہ حکومت بنے۔اْنھوں نے کہا کہ قوم کو حتمی نتائج کا ’بے چینی‘ سے انتظار ہے۔ صدر کرزئی نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیا صدر 25 اگست تک اپنا عہدہ سنبھال لے گا، جس ہدف کے بارے میں کچھ حلقے بہت زیادہ پْرامید دکھائی دیتے ہیں۔