سپریم کورٹ نے سندھ اسمبلی کے دو ارکان کی رکنیت بحال کر دی ،تحریک انصاف کے رکن نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا

بدھ 20 اگست 2014 09:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء) سپریم کورٹ نے سندھ اسمبلی کے دو ارکان کی رکنیت بحال کر دی تاہم تحریک انصاف کے رکن نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔منگل کو یہاں چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پیپلز پارٹی کے رہنما غلام قادر چانڈیو کی مبینہ طور پر جعلی ڈگری کی وجہ سے معطل شدہ سندھ اسمبلی کی رکنیت بحال کردی اور ضمنی انتخاب روک دیااور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔

تین رکنی بینچ نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف غلام قادر چانڈیو کی درخواست کی سماعت کی الیکشن ٹربیونل نے جعلی ڈگری کی وجہ سے غلام قادر کی سندھ اسمبلی کی رکنیت معطل کردی تھی تاہم گزشتہ روز مذکورہ درخواست گزار کے وکیل نے واضح کیا کہ ان کی ڈگری جعلی نہیں تھی جس کی بنا پر ان کے موکل کی ر کنیت معطل کی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

اسی بنچ نے تحریک انصاف کے تحریک انصاف کے سید حفیظ الدین کی رکنیت بھی بحال کر دی،الیکشن ٹریبونل نے انہیں 7اگست کو نااہل قراردیا تھا اورجماعت اسلامی کے عبدالرزاق کو کامیاب قراردیا تھا۔

انہوں نے ٹریبونل کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر عدالت نے ٹریبونل کے فیصلہ کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے ان کی رکنیت کو بحال کر دیا تاہم بعد ازاں انہوں نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے قائد عمران خان کے اعلان کے مطابق اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہو رہے ہیں۔