شمالی وزیرستان میں کوبرا ہیلی کاپٹرز کی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ، تیس دہشت گرد ہلاک ، دہشت گردوں کی نو گاڑیوں سمیت متعدد موٹرسائیکل تباہ ہوگئے،گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ سے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد اڑتالیس ہوگئی

بدھ 20 اگست 2014 09:27

میرانشاہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء) شمالی وزیرستان میں کوبرا ہیلی کاپٹرز کی فضائی کارروائی‘ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کے نتیجے میں تیس دہشت گرد ہلاک جبکہ دہشت گردوں کی نو گاڑیوں سمیت متعدد موٹرسائیکل تباہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

منگل کے روز آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کیخلاف سکیورٹی فورسز کا آپریشن ضرب عضب جاری ہے اور شمالی وزیرستان میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شرپسند عناصر کے ٹھکانوں پر شیلنگ کی جس کے نتیجے میں تیس دہشت گردوں کو جہنم رسید کردیا گیا جبکہ فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کے تیس ٹھکانے تباہ اور نو گاڑیوں سمیت متعدد موٹرسائیکل بھی شیلنگ میں جل کر خاکستر ہوگئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی خیبر ایجنسی اور شمالی وزیرستان میں فورسز کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں اٹھارہ دہشت گرد ہلاک اور بارہ ٹھکانے تباہ کئے گئے جس کے بعد منگل کے روز گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ سے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد اڑتالیس ہوگئی ہے۔