لاہور ہائی کورٹ ، پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دائر قومی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کی دائر درخواست ابتدائی سماعت کے لئے منظور

ہفتہ 30 اگست 2014 06:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اگست۔2014ء) لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دائر قومی اور صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کی دائر درخواست ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لی ہے۔ یہ درخواست پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے نائب صدر خان عبدالقیوم خاں کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ممبران قومی اور صوبائی اسمبلی آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے اس لئے تمام اسمبلیاں تحلیل کی جائیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے بیان کاحوالہ بھی دیا گیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی ترقیاتی فنڈز کے لئے کمیشن وصول کرتے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے اراکین آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے۔رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے درخواست کی پیچیدگیوں کا جائزہ لے کر درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے وفاق، پنجاب حکومت اور اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 19 ستمبر کو جواب طلب کر لیا ہے۔