پاکستان کیساتھ شملہ معاہدہ اور لاہور اعلامیہ کی بنیادوں پر کشمیر سمیت تمام مسائل بارے مذاکرات کیلئے تیار ہیں‘ بھارت

ہفتہ 30 اگست 2014 07:10

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اگست۔2014ء) بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں تاہم دونوں ممالک کے درمیان اس مسئلے پر صرف دوطرفہ معاہدوں یعنی شملہ معاہدہ اور لاہور اعلامیہ کے فریم ورک کے اندرر رہ کر ہی مذاکرات ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے مابین شملہ معاہدہ ہونے کے بعد لاہور اعلامیہ پر بھی اتفاق ہوا ہے اور ان دونوں معاہدوں یا سمجھوتوں میں دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل پر معاہدوں کے فریم ورک کے اندر ہی مذاکرات کریں گے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے حوالے سے بھارت کا موقف واضح ہے اور وہ یہ کہ نئی دہلی مسئلہ جموں و کشمیر سمیت تمام دوطرفہ اور دیرینہ مسائل پر دوطرفہ معاہدوں کے فریم ورک کے تحت مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان مسئلہ جموں و کشمیر سمیت تمام دیرینہ اور حل طلب مسائل پر مذاکرات کے معاملے میں سنجیدہ ہے تو اسے شملہ معاہدہ اور لاہور اعلامیہ کا پابند رہنا ہوگا۔