سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز ورلڈ کبڈی لیگ میں شرکت کے بعد بھارت سے واپس وطن پہنچ گئی،واہگہ بارڈر پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے عہدیداروں نے ٹیم کا استقبال کیا، کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، مینجر وقاص اکبر کی میڈیا سے گفتگو

منگل 2 ستمبر 2014 08:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2ستمبر۔2014ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کی کبڈی ٹیم لاہور لائنز ورلڈ کبڈی لیگ کے دوسرے مرحلے میں شرکت کے بعد پیر کے روز واہگہ بارڈر کے راستے بھارت سے وطن واپس پہنچ گئی۔ واہگہ بارڈر پر ٹیم کا استقبال سپورٹس بورڈ پنجاب کے عہدیداروں نے کیا۔ لاہور لائنز نے دہلی میں ورلڈ کبڈی لیگ کے دوسرے مرحلے میں دو میچز کھیلے جس میں پنجاب تھنڈر کیخلاف کامیابی حاصل کی اور خالصہ وارئیرز کیخلاف ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور لائنز کے کپتان بابر وسیم گجر نے کہاکہ پنجاب تھنڈر کیخلاف ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا جس میں اکمل شہزادڈوگر کی کارکردگی شاندار رہی، خالصہ کیخلاف ٹیم ابتدائی تین کوارٹرز میں چار پوائنٹ کے خسا رے میں چلی گئی جس کے بعد کھلاڑیوں نے بھرپور کوشش کی تاہم توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھاسکے۔

(جاری ہے)

لاہور لائنز کے کوچ غلام عباس بٹ نے کہاکہ ایک میچ میں ناکامی سے حوصلے نہیں ٹوٹے، اگلے مرحلے میں غلطیوں پر قابو پاکر نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ٹیم منیجر وقاص اکبر نے کہاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، اکمل شہزاد ڈوگرکی دوسرے مرحلے میں کارکردگی متاثر کن رہی جبکہ سٹاپرز کی جانب سے کی گئی غلطیاں بھی نوٹ کرلی گئی ہیں، ان کی اصلاح کریں گے، آئندہ مرحلے میں ٹیم ناقابل شکست رہنے کیلئے پوری قوت کے ساتھ حریف ٹیموں کا مقابلہ کریگی۔

متعلقہ عنوان :