بھارتی پولیس کا عراق جانے والے چار دہشتگردوں کو روکنے کا دعوی ،چا روں داعش میں شامل ہونے کے لیے عراق جانے کی کوشش کر رہے تھے، پولیس

اتوار 7 ستمبر 2014 08:01

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7ستمبر۔2014ء ) بھارت کے شہر حیدرآباد کی پولیس نے انجنیئرنگ کے چار طلبا کو عراق کے سنی انتہا پسند گروپ دولتِ اسلامیہ میں شامل ہونے کے لیے عراق جانے سے روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔عراق کی خطرناک صورتِ حال کے سبب وہاں جانے کے لیے بھارت کی حکومت کی پیشگی اجازت لینی ضروری ہے اس لیے میڈیا کی خبروں کے مطابق یہ چاروں بنگلہ دیش کے راستے عراق جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ چاروں مسلم نوجوان دولتِ اسلامیہ کے جہادی پراپیگنڈے سے متاثر تھے اور ان کی جانب سے لڑنے کے لیے عراق جانا چاہتے تھے۔اطلاع کے مطابق ان میں سے دو نوجوانوں کے والدین نے ان کے بارے میں پولیس کو الرٹ کیا تھا۔چند دنوں پہلے افغانستان کی ایک شدت پسند تنظیم کی ویب سائٹ سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ممبئی کا ایک مسلم نوجوان عراق میں دولتِ اسلامیہ گروہ کی جانب سے لڑتا ہوا مارا گیا تھا۔

اگرچہ ان خبروں کی تصدیق نہیں ہو سکی لیکن اس کے باوجود یہ خبریں بھارتی حکومت اور بالخصوص مسلمانوں کے لیے خاصی تشویشناک بنی ہوئی ہیں۔بھارت میں ماضی میں تمل ٹائیگرز، ببرخالصہ اور خالصتان کمانڈوز سے لے کر شمال مشرقی ریاستوں کی ان گنت دہشت گرد تنظیمیں سرگرم رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :