طاہر القادری اور 10 کارکنوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری،طاہرالقادری سمیت سب کو گرفتار کر کے 12 ستمبر کو عدالت پیش کیا جائے، عدا لتی حکم، انقلاب مارچ کے دوران انٹر چینج پر تصادم میں پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا تھا

اتوار 7 ستمبر 2014 07:54

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7ستمبر۔2014ء) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک کے جج پرویز اسماعیل جوئیہ نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور عوامی تحریک کے10کارکنوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور حکم دیا ہے کہ ان سب کو گرفتار کر کے جمعہ 12 ستمبر کو عدالت پیش کیا جائے۔ان کیخلاف انقلاب مارچ کے دوران انٹرچینج پر پولیس کے ساتھ تصادم کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس تصادم میں ایک پولیس کانسٹیبل جاں بحق اور درجن بھر پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس کی شدید شیلنگ اور لاٹھی چارج سے50کے قریب عوامی تحریک کی خواتین بچے اور مرد بھی زخمی ہوگئے تھے۔ آر پی او راولپنڈی کے حکم پرکانسٹیبل کی ہلاکت کا مقدمہ ڈاکٹر طاہر القادری کیخلاف درج کیا گیا تھا۔دریں اثنا گوجرانوالہ سے نمائندے کے مطابق انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج چوہدری امتیاز نے پولیس تشدد کیس میں ملوث عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری کے تیسری مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انھیں 15 ستمبر کو گرفتار کر کے پیش کرنیکا حکم دیا ہے۔