اسرائیلی فوج نے دو فلسطینی لڑکوں کو شہید کر دیا

بدھ 24 ستمبر 2014 07:41

یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24ستمبر۔2014ء)اسرائیلی فوج نے دو نو عمر فلسطینیوں کو منگل کے روز شہید کر دیا ہے۔ ان دونوں پر اسرائیلی فوج کو شک تھا کہ یہ ماہ جون کے دوران تین اسرائیلی نوجوانوں کی ہلاکت میں ملوث تھے۔عرب ٹی وی کے مطابق الخلیل کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے صبح ہونے سے پہلے ہی ایک گھر کا محاصرہ کر لیا اور وہاں سے گولی چلنے کی آوازیں آئیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پیٹر لرنر کا کہنا ہے "فوج اور پولیس دونوں ان فلسطینی لڑکوں کی تلاش میں تھیں کہ گولی چل گئی، ہم نے گولی چلائی جوابا انہوں نے فائر کیا اور اسی دوران وہ ہلاک ہو گئے۔

اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق "ایک کی ہلاکت کی تصویروں سے تصدیق ہو گئی ہے جبکہ دوسرے کی ہلاکت کی ابھی تصدیق ہونا باقی ہے۔

(جاری ہے)

الخلیل کے فلسطینی گورنر کامل حمید نے دونوں فلسطینی نوعمروں کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔گورنر کے مطابق "ہم اس جرم کی مذمت کرتے ہیں، دونوں بچوں کو جان بوجھ کر شہید کیا گیا ہے۔یادرہے کہ اسرائیل پچھلے کئی ماہ سے ہیبرون کے علاقے میں مروان قواسمہ اور عامر ابو عائشہ کی تلاش میں تھا۔ ان کے بارے میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے تین اسرائیلوں کو ماہ جون میں پکڑ کر مار دیا تھا۔ انہیں مبینہ طور پر ایک یہودی بستی کے قریب مارا گیا تھا۔واضح رہے دونوں فلسطینی نوجوانوں کا حماس سے تعلق تھا۔ حماس نے ابتدا میں اسرائیلی نوجوانوں کی ہلاکت کے الزام کو مسترد کر دیا تھا۔ لیکن گذشتہ ماہ اس گروپ نے ذمہ داری قبول کر لی تھی۔

متعلقہ عنوان :