پی سی بی نے فٹنس لیول میں کمی پر 4 کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کردیا ، بہتر فٹنس ثابت کرنے والے کھلاڑیوں انعامات کے طورپر بونس دینے کابھی اعلان ، چار کرکٹرز ٹی 20 میں حالیہ منتخب ہونے والے کپتان شاہد خان آفریدی، عمراکمل، عبدالرحمان اور رضاحسن شامل ، سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم سے 25فیصد کٹوتی کا اعلان ،سب سے زیادہ بونس شان مسعود اور عمر امین کو دیا جائے گا جنہیں چار ماہ کے عرصے میں ہر مہینے 17.5 فیصد بونس دیا جائے گا، مصباح الحق، احمد شہزاد اور بلاول بھٹی کو 10 فیصد بونس دینے کا اعلان کیا گیا

بدھ 24 ستمبر 2014 07:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24ستمبر۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے خراب فٹنس پر آل راوٴنڈر اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی، عمر اکمل، عبد الرحمان اور رضا حسن پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم سے 25 فیصد کٹوتی کا اعلان کیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ بورڈ نے بہتر فٹنس کے حامل کھلاڑیوں کو بونس دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے چھ سے آٹھ ستمبر کے دوران 28 کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے جس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے پانچ کھلاڑیوں کو بونس دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔اس دوران تین کھلاڑی شاہد آفریدی ، وہاب ریاض اور ناصر جمشید نجی مصروفیات کی بنا پر رپورٹ کرنے میں ناکام رہے تھے تاہم بعد میں آفریدی نے فٹنس ٹیسٹ دے دیا تھا۔ناصر جمشید اور وہاب چیمپیئنز لیگ کھیلنے کے لیئے بھارت میں موجود ہیں اور وہاں سے واپسی پر ان کا فٹنس ٹیسٹ ہو گا۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ بونس شان مسعود اور عمر امین کو دیا جائے گا جنہیں چار ماہ کے عرصے میں ہر مہینے سترہ اعشاریہ پانچ فیصد بونس دیا جائے گا۔ اسی طرح مصباح الحق، احمد شہزاد اور بلاول بھٹی کو دس فیصد بونس دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔بری فٹنس دکھانے پر شاہد آفریدی، عمر اکمل، عبد الرحمان اور رضا حسن کے معاوضے میں سے چار ماہ تک سینٹرل کنٹریکٹ کے معاوضے کی 25 فیصد رقم حذف کی تھی۔یاد رہے کہ پی سی بی نے گیارہ ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ خراب فٹنس کے حامل کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ سے 25 فیصد کٹوتی کی جائے گی جبکہ اسی طرح بہتر اور اچھی فٹنس کے حامل کھلاڑیوں کو بونس سے نوازا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :