دبئی ٹیسٹ، پاکستانی بیٹسمینوں کی شاندار بلے بازی کے بعد سپن باؤلرز نے آسٹریلیا کو جھال میں پھنسا دیا ،آسٹریلیا کو222رنز سے شکست،پاکستان کو سیریز میں 1-0کی برتری حاصل ،یونس خان مین آف دی میچ قرار ، پاکستان کی رینکنگ میں بھی بہتری ، دوسرے ٹیسٹ میں کم بیک کی کوشش کریں گے، پاکستان نے تینوں شعبوں میں ہمیں آؤٹ کلاس کردیا،ہمارے بیٹسمین اسپنرز کو اچھا نہیں کھیل سکے،مائیکل کلارک ، یہ جیت ہمارے لئے بہت ضروری تھی،کامیابی سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوگا،ناتجربہ کار باؤلنگ اٹیک نے اچھی کارکردگی پیش کی،جیت میں ہرکھلاڑی نے اپنا حصہ ڈالا،مصباح الحق

پیر 27 اکتوبر 2014 02:38

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اکتوبر۔2014ء)دبئی ٹیسٹ میں بیٹسمینوں کی شاندار بلے بازی کے بعد سپن باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث پاکستان نے آسٹریلیا کو222رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی،یونس خان کو شاندا ربیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوے دونوں اننگز میں سنچریاں سکور کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم،جسے پاکستان نے جیتنے کیلئے438رنز کا بڑا ٹارگٹ دیا، کے حصول میں چوتھے روز کھیل کے اختتام پر 59 رنز4کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر پانچویں روز اپنی دوسری نامکمل اننگز شروع کی لیکن کوئی بھی آسٹریلوی بلے باز پاکستانی سپنرز کے سامنے نہ ڈٹ سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہی،92 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی5ویں وکٹ گری جب راجر43رنز بنا کر عمران خان کا شکار بنے،101کے سکور پر چھٹی وکٹ گری جب مچل مارشل3رنز بنا کر ذوالفقار بابر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے،7ویں وکٹ105پر گری جب ہیڈن صفر پر ذوالفقار بابر کا شکار بنے،اس کے بعد مچل جانسن اور سمتھ کے درمیان اچھی پارٹنر شپ ہوئی اور دونو ں نے کچھ مزاحمت کی ،170کے مجموعی سکور پر سمتھ55رنز بنا کر یاسر شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے،مچل جانسن بھی 61رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے،216کے سکور پر آسٹریلیا کی آخری وکٹ گری جب پیٹرسڈل15رنز بنا کر ذوالفقار بابر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے،اس طرح آسٹریلیا کی پوری ٹیم438رنز کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 216رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان نے یہ ٹیسٹ 221رنز سے جیت لیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی سپنروں ذوالفقار بابر اور پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے بابر شاہ نے7,7وکٹیں حاصل کیں اوردونوں نے آسٹریلوی بیٹسمینوں کو کسی بھی موقع پر کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا ۔ جبکہ یونس خان نے میچ میں دو سنچریاں بنائیں،اس شاندار کارکردگی پر یونس خان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا،پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 454رنز اور دوسری اننگز 286رنز دو کھلاڑیوں پر ڈیکلےئر کردی تھی،آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 303اور دوسری اننگز میں216رنز بنائے،اس کامیابی کے بعد پاکستان رینکنگ میں چھٹے نمبر سے چوتھے نمبر پر آگیا ہے،

میچ کی اختتامی تقریب سے بات کرتے ہوئے آسٹریلین کپتان مائیکل کلارک نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میں کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے،یونس خان اور پاکستان کی ٹیم نے اچھی کارکردگی پیش کی،پاکستان نے تینوں شعبوں میں ہمیں آؤٹ کلاس کردیا،ہمارے بیٹسمین اسپنروں کو اچھا نہیں کھیل سکے۔

یونس خان نے کہا کہ ایک وقت میں سوچا کہ ٹیسٹ سیریز نہ کھیلوں لیکن فیملی اور دوستوں نے کہا کہ ضرور کھیلیں،میرا ملک جیتا ہے اس سے زیادہ اور خوشی کی بات کوئی نہیں ہے،اہلخانہ اور دوستوں نے بہت سپورٹ کیا،یہ سوچ کر کھیلا کہ ملک کو جتواؤں،پاکستانی عوام اور پرستاروں کی سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔پاکستانی کپتان مصباح الحق نے کہا کہ یہ جیت ہمارے لئے بہت ضروری تھی،کامیابی سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوگا،ناتجربہ کار باؤلنگ اٹیک نے اچھی کارکردگی پیش کی،جیت میں ہرکھلاڑی نے اپنا حصہ ڈالا،نئے باؤلروں کو ڈومیسٹک کرکٹ کاتجربہ ہے،آسٹریلوی ٹیم کے خلاف جیت قابل ستائش ہے،ٹیم کے مورال میں اضافہ ہوا۔