ایم کیو ایم کے جائزمسائل کے حل کے لئے تیارہیں لیکن اس سلسلے میں کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ سندھ ، آصف زرداری اوربلاول بھٹو تھرکے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، آئندہ جون تک علاقے میں صاف پانی کی فراہمی کے کئی پلانٹ لگائے جائیں گے

پیر 27 اکتوبر 2014 06:12

تھرپارکر(این این آئی) وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے جائزمسائل کے حل کے لئے تیارہیں لیکن اس سلسلے میں کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی۔تھرپارکر میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ آصف زرداری اوربلاول بھٹو تھرکے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، آئندہ جون تک علاقے میں صاف پانی کی فراہمی کے کئی پلانٹ لگائے جائیں گے۔

اس کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی پانی کی فراہمی کی کوششیں کی جارہی ہیں جس سے مستقبل میں یہ علاقہ بھی سرسبز ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے غریب کی بات کبھی نہیں کی ان کی تقریروں میں تو امیروں کا ہی ذکر ہوتا ہے، انہیں تو تھرپارکر کا نام بھی نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایم کیو ایم کے 2مشیروں، اور ایک معاون خصوصی کے استعفے منظورکرلئے ہیں، وزرا کے استعفوں کی منظوری کا اختیار گورنر سندھ کو ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم پہلی بار نہیں روٹھی اس سے پہلے اس قسم کی صورت حال پیدا ہوچکی ہے اور ہم ہر بار انہیں مناتے آئے ہیں۔ خورشید شاہ نے جو کچھ بھی کہا وہ اس پر معذرت کرچکے ہیں، سیاست میں وقت پر دوست دشمن اور دشمن دوست بن جاتا ہے اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ بات چیت کا عمل جاری رہنا چاہئے، ایم کیو ایم کے جائزمسائل کے حل کے لئے تیارہیں لیکن اس سلسلے میں کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی۔