خورشید شاہ کے بیان کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کے تحت یوم سیاہ منایا گیا، سندھ کے بیشتر شہروں میں کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی، کاروبار پوری طرح معطل رہا، بازار، مارکیٹیں، کاروباری مراکز اور پیٹرول پمپس بھی بندرہے

پیر 27 اکتوبر 2014 06:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27اکتوبر۔2014ء)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے بیان کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کے تحت اتوار کو یوم سیاہ منایا گیا جس کی وجہ سے سندھ کے بیشتر شہروں میں کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ایم کیو ایم کی جانب سے یوم سوگ کے موقع پر کراچی میں کاروبار زندگی پوری طرح معطل رہا، بازار، مارکیٹیں، کاروباری مراکز اور پیٹرول پمپس بندرہے جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر تھی، ایم کیو ایم کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں خورشید شاہ کے خلاف پوسٹر اور بینر آویزاں کئے گئے ہیں۔

یوم سوگ کے باعث جامعہ کراچی میں ہونے والے انٹری ٹیسٹ ملتوی کر دیئے گئے ہیں جس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جبکہ اندرون سندھ چلنے والی ٹرانسپورٹ بھی مکمل بند ہے جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ، جبکہ کسی بھی ناخوشگوارواقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری بھی شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل خورشید شاہ کی جانب سے لفظ مہاجر کو گالی قرار دینے کے خلاف ایم کیو ایم کی جانب سے سخت در عمل کا مظاہرہ کیا گیا اور درعمل کے طور پر ایم کیو ایم نے سندھ اور کشمیر اسمبلی سے پیپلز پارٹی کے ساتھ اپنا اتحاد ختم کردیا اور خورشید شاہ کو اپوزیشن لیڈر کی نشست سے ہٹانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔