احتجاجی مظاہروں کا علاج، حکومت نے خود کنٹینر خریدنے پر غور شروع کر دیا

پیر 3 نومبر 2014 09:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3نومبر۔2014ء) ملک بھر میں بڑھتے ہوئے احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر وفاقی و صوبائی حکومتوں نے کنٹینرز کرائے پر لینے کی بجائے اپنے کنٹینر خریدنے پر غور شروع کردیا ہے‘ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد کنٹینرز کی خریداری کا فیصلہ کرے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا کہ ملک میں آئے روز بڑھتے ہوئے احتجاج اور مظاہروں کو روکنے اور ان سے نمٹنے کیلئے بیوروکریسی نے وفاقی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پرائیویٹ کنٹینرز کرائے پر لینے کی بجائے اپنے کنٹینرز خریدے۔

اس طرح کرایوں سے حکومت کی جان چھوٹ جائے گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومت نے کنٹینرز کی خریداری کیلئے فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کا کہا ہے اور اسی اثناء میں صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد کنٹینر خریدے جائیں گے اور صوبے کنٹینر خود خریدیں گے۔ صوبوں سے مشاورت وزارت داخلہ کرے گی جس کے بعد خریداری کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔