30 نومبر ، اسلام آباد میں تحریک انصاف اور لاہور میں پی پی نے شوسجانے کی تیاریاں شروع کردیں،عاشورہ کے فوری بعد دونوں جماعتوں کا ملک گھررابطہ مہمات شروع کرنے کا بھی فیصلہ

پیر 3 نومبر 2014 09:22

اسلام آباد،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3نومبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف نے 30 نومبر کو اسلام آباد جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اسی روز لاہور میں اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے تیاریاں تیز کر دی ہیں اور عاشورہ کے فوری بعد دونوں جماعتوں نے اپنے پروگراموں کو کامیاب بنانے کیلئے آنیوالے دنوں میں ملک گھر مہمات شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو ان پروگراموں میں لایا جا سکے۔

عمران خان نے 30 نومبر کو ملک بھر کی عوام سے دھرنے میں پہنچنے کی اپیل کی ہے اور ایک مرتبہ پھر دعوی کیا ہے کہ یہ ایک فیصلہ کن مرحلہ ہوگا جبکہ ماضی میں بھی وہ کئی مرتبہ فیصلہ کن قرار دیئے گئے مراحل سے نکل چکے ہیں ۔دوسری جانب اسی روز پیپلز پارٹی اپنا یوم تاسیس منائے گی اور اسی شہر میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی جہاں 47 سال قبل ذوالفقار علی بھٹو نے چیئرمین کی حیثیت سے پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس وقت سیاسی ماحول میں پیپلزپارٹی کی پنجاب میں مقبولیت انتہائی کم ہو چکی ہے اور یوم تاسیس کی تقریب کے لاہور میں انعقاد کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ پنجاب میں ایک بار پھر پارٹی کو منظم اور متحرک ثابت کیا جا سکے تاہم 30 نومبر کو تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی اس امتحان میں کس طرح کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں وقت بتائے گا۔