کراچی سمیت سندھ بھر میں 9 اور10محرم الحرام کیلئے سیکیورٹی سخت کر دی گئی ،بیشتر شہروں میں فون سروس بند رہے گی ،حساس علاقوں کیلئے فوج کو اسٹینڈ بائی کردیا گیا ،کراچی میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر20ہزاراہلکارتعینات ہونگے

پیر 3 نومبر 2014 09:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3نومبر۔2014ء)کراچی سمیت سندھ بھر میں 9 اور10محرم الحرام کے لئے سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے، سیکیورٹی کے پیش نظر بیشتر شہروں میں فون سروس بند رہے گی جبکہ حساس علاقوں کے لئے فوج کو اسٹینڈ بائی کردیا گیا ہے۔ کراچی میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر20ہزاراہلکارتعینات ہونگے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں 9 تا10 محرم کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے پولیس اور رینجرز کے 20ہزار اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ 1250 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے جلوس کی مانیٹرنگ کریں گے۔

سندھ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی پلان جاری کردیا گیاہے۔کراچی پولیس کی جانب سے جاری سیکیورٹی پلان کے مطابق مرکزی جلوس کے راستوں میں آنیوالی بلند عمارتوں پر دور بینوں سے لیس 100 سے زائد شارپ شوٹرز تعینات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کے 500 کمانڈوزپر مشتمل کوئک رسپانس فورس بھی ہمہ وقت تیاررہیگی۔

شہر بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری لائسنس یافتہ اسلحہ لیکر چلنے اور ہیلی کیم کیمرے چلانے پر بھی پابندی ہوگی۔ نو اور دس محرم کے جلوسوں کے آغاز سے قبل تمام راستوں کو سراغ رساں کتوں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیموں کی مدد سے کلیئر کرایا جائے گا۔جلوس کے اطراف 100 سے زائد پولیس موبائلیں دس بکتر بند گاڑیاں اور 80 سے زائد موٹر سائیکلوں پر مشتمل قانون نافذ کرنے والے اداروں کا دستہ ہوگا۔

جلوسوں کے چار سو پولیس کی خصوصی کیمروں والی موبائلیں بھی چلیں گی جبکہ صرف اسٹیکر والی گاڑیوں کو چیکنگ کے بعدجلوس میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔جلوسوں کی فضائی نگرانی ہیلی کاپٹرسے کی جائے گی۔وزارت داخلہ کے مطابق 9اور10 محرم کوکراچی سمیت سندھ کے حساس شہروں میں موبائل فون سروس بھی بندکی جاسکتی ہے۔ محرم کی تمام سرگرمیوں اورجلوسوں کی نگرانی کے لئے وزارتِ داخلہ میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :