اسلام آباد،منال پولیس چوکی کے قریب گاڑی میں آتشزدگی،دوخواتین جاں بحق،کراچی کا خاندان ٹویاٹا ہائی ایس پر سیر وتفریح کے لیے پیرسوہاوہ جارہاتھا،منال پولیس چوکی کے قریب حادثہ پیش آگیا،جاں بحق ہونے والوں میں کلثوم اورمریم شامل، گاڑی جل کر راکھ بن گئی،امدادی ٹیمیں اطلاع ملنے پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں

پیر 3 نومبر 2014 09:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3نومبر۔2014ء)وفاقی دارلحکومت کے سیاحتی مقام منال پولیس چوکی کے قریب ٹویوٹاہائی ایس میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس کی زد میں آکر دوخواتین موقع پر جاں بحق ہوگئیں جبکہ گاڑی مکمل جل کر راکھ بن گئی،تفصیلات کے مطابق اتوارکوسیروسیاحت کے لیے ٹیکسلا سے آنے والی ٹویوٹاہائی ایس پرسوار12خواتین ،سات بچے اوردومردپیرسوہاوہ جارہے تھے کہ منال پولیس چوکی کے قریب گاڑی ہیٹ اپ ہوگئی جس کے بعد ڈرائیورنے گاڑی روک کر تمام سوارمردوخواتین کو نیچے اترنے کا کہا،تمام سوار افراداترگئے جبکہ دوخواتین اترکر گاڑی کے پیچھے کھڑی ہوگئیں اسی دوران گاڑی میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی اورگاڑی پیچھے کی جانب اترنے لگی جس کی زدمیں آکر پیچھے کھڑی دونوں خواتین نیچے دب گئیں جنہیں نکالنے کے لیے موقع پر موجوددیگر خواتین اورافرادنے بھرپورکوشش کی تاہم کامیابی نہ مل سکی ،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی گاڑیاں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اورآگ کو بجھایاتاہم ٹویوٹاہائی ایس مکمل جل کر راکھ ہوگئی جبکہ نیچے دب جانے والی دونوں خواتین بھی موقع پر جاں بحق ہوگئیں ،جاں بحق ہونے والوں میں 70سالہ کلثوم اور20سالہ مریم شامل ہیں،خاندانی ذرائع نے بتایاکہ وہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی ہیں اوریہاں تفریح کے لیے ٹیکسلا میں اپنے عزیزوں کے پاس آئے ہوئے تھے ۔