حطار ، کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والا نوجوان میت کو غسل دیتے وقت زندہ ہوکر تھوڑی ہی دیر بعد مردہ ہوگیا،مٹی میں دفن کرنے اور ہسپتال لے جانے کے باوجود نوجوان کی جان نہ بچائی جاسکی

جمعرات 13 نومبر 2014 08:57

حطار(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13نومبر۔2014ء)حطار کے نواحی علاقہ بانڈی گلو میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والا نوجوان میت کو غسل دیتے وقت زندہ ہوکر تھوڑی ہی دیر بعد مردہ ہوگیا، مٹی میں دفن کرنے اور ہسپتال لے جانے کے باوجود نوجوان کی جان نہ بچائی جاسکی، تفصیلات کے مطابق حطار کے قریبی علاقہ بانڈی گلو کا رہائشی 18سالہ نوجوان ارشد ولد تصور جو کہ گزشتہ روز اپنی ویلڈنگ کی دوکان پر کام کررہا تھا کہ اچانک لوہے کا راڈ بجلی کی ننگی تاروں سے چھو گیا جس سے نوجوان بری طرح جھلس کر جاں بحق ہوگیا جبکہ اسکا چھوٹا بھائی دانش زخمی ہوگیا تاہم نوجوان کی ہلاکت کا اعلان ہونے کے بعد جب اسکے میت کو غسل دیا جارہاتھا تو اچانک نوجوان کے جسم میں حرکت پیدا ہوئی جس پر مقامی لوگوں نے مشاورت کر کے نوجوان کو فوری طور پر مٹی میں دفن کرنے کے علاوہ ہسپتال بھی لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا تاہم نوجوان کے دوران غسل زندہ ہونے کی اطلاع جنگ کی آگ کی طرح پورے گاؤں میں پھیل گئی اور لوگ کئی گھنٹوں تک اس امید پر نوجوان کے گھر اور ہسپتال کے چکر لگاتے رہے کہ وہ زندہ ہوجائے تاہم بعد ازاں ہسپتال انتظامیہ نے نوجوان کو حتمی طور پر مردہ قرار دے دیا ۔