قومی اسمبلی کا سولہواں اجلاس، وفاقی وزراء کی عدم موجودگی، اراکین کی غیر سنجید گی، نجی کارروائی کے روز پرائیویٹ بلوں کے محرک ہی ایوان سے غیر حاضر، ایوان میں کورم نہ ہونے کے برابر، ایم کیو ایم کے رکن نے چند وزراء کو اڑھائی منسٹرز کا خطاب دیدیا

بدھ 3 دسمبر 2014 08:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3دسمبر۔2014ء) قومی اسمبلی کا سولہواں اجلاس، وفاقی وزراء کی عدم موجودگی، اراکین کی غیر سنجید گی، نجی کارروائی کے روز پرائیویٹ بلوں کے محرک ہی ایوان سے غیر حاضر، ایوان میں کورم نہ ہونے کے برابر، ایم کیو ایم کے رکن نے چند وزراء کو اڑھائی منسٹرز کا خطاب دیدیا۔ منگل کے روز قومی ا سمبلی کے رواں اجلاس کے دوران اس وقت وفاقی وزراء او اراکین قومی اسمبلی کی غیر سنجیدگی عیاں ہوگئی جب اجلاس کے آغاز پر صرف 55اراکین موجود تھے اور جب اجلاس اختتام پذیر ہوا تو درجن بھر اراکین ہی ر ہ گئے تھے۔

نجی کارروائی کے یوم پر جہاں اراکین پارلیمنٹ اپنے پرائیویٹ بلز متعارف کراتے ہیں اس موقع پربلو ں کے محرک ہی ایوا ن میں حاضر نہ ہوئے۔

(جاری ہے)

محمد خان شیرانی، جمشید دستی سمیت 5اراکین قومی اسمبلی کے بل ایوان میں متعارف ہوئے بغیر ہی موخر کردیئے گئے جبکہ غیر سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ حکومت و اپوزیشن کی اگلی نشستیں زیادہ دیر خالی رہتی ہیں آج بھی یہی حال تھا جس پر ایم کیو ایم کے ایک رکن سردار نبیل گبول نے اسے اڑھائی منسٹرز کا خطاب دے ڈالا اور کہاکہ ایوان میں وزراء کی فوج ظفر موج تشریف ہی نہیں لاتی جب حکومت پر کوئی مشکل وقت آتاہے تو مشترکہ اجلاس طلب کرلیا جاتاہے اور وزیراعظم بھی روز رونق افروز ہوتے ہیں لیکن جیسے ہی مشکل ٹلی وزیراعظم کو تو غائب ہوئے ہی ساتھ وفاقی وزراء نے بھی ایوان میں آنا چھوڑ دیا۔