5دسمبرتک چیف الیکشن کمشنرکی تقرری ہوجائے گی ، اسحاق ڈار،عمران خان جلسے جلوس کی کال واپس لیں 6دسمبرکوممکن ہے ان سے مذاکرات ہوجائیں ،طاہرالقادری نے عقل مندی دکھائی کہ انتخابی اصلاحات کی جانب آگئے ،نجی ٹی وی کو انٹرویو

بدھ 3 دسمبر 2014 08:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3دسمبر۔2014ء)وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈارنے کہاہے کہ 5دسمبرتک چیف الیکشن کمشنرکی تقرری ہوجائے گی ،عمران خان جلسے جلوس کی کال واپس لیں 6دسمبرکوممکن ہے ان سے مذاکرات ہوجائیں ،طاہرالقادری نے عقل مندی دکھائی کہ انتخابی اصلاحات کی جانب آگئے ۔نجی ٹی وی کودیئے گئے انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف سے ملاقات سے قبل چیف الیکشن کمشنرکی تقرری ضروری ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمانی کمیٹی کومشترکہ طورپر3نام بھیجیں تاکہ فیصلہ کرنے میں آسانی ہو۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں ذاتیات کومدنظرنہیں رکھاجاتا،تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے تیارہیں ،ان کا70فیصدایجنڈاانتخابی اصلاحات ہے وہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس میں آئیں ہم خلوص نیت سے آئیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مذاکرات میں تعطل ہماری طرف سے نہیں آیاتھا،تحریک انصاف 8دسمبرکی کال واپس لے ،وزیراعظم کی وطن واپسی پران سے بات چیت ہوگی ،ممکن ہے 6دسمبرکوملاقات ہوجائے ،ہم آئینی دائرے کے اندررہتے ہوئے مذاکرات کیلئے تیارہیں ۔

انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی اورسینٹ موجودہوتوصدارتی آرڈیننس نہیں ہوسکتا،اگرصدارتی آرڈیننس چیلنج ہواتودونوں پھنس جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ طاہرالقادری نے عقل مندی دکھائی انہیں معلوم ہوگیاتھاکہ دھرنوں سے کچھ نہیں ملے گا،اس لئے وہ انتخابی اصلاحات کی جانب آگئے ۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں جانے کاکوئی فائدہ نہیں ،معاملہ 3اعلیٰ ججوں کے انکوائری کمیشن پرچھوڑدیں کمیشن کی جوبھی رپورٹ ہوگی پارلیمنٹ میں ٹیبل کی جانب جائے گی ۔

عمران خان جلسے جلوس کی کال واپس لیں ۔انہوں نے کہاکہ وزارت خزانہ ایک مقصدکیلئے فنڈزکی تفصیلات جاری کرتی ہے ،عمران خان جس فنڈکی بات کرتے ہیں اس کاتعلق سیکرٹ فنڈسے نہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی نقصان کامتحمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے دھرنوں کی وجہ سے معیشت کوبہت نقصان ہواہے ،عمران خان بڑے پن کامظاہرہ کریں ،معیشت کونقصان ہواتوانہیں کچھ نہیں ملے گا۔