خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول اپریل کے آخر میں جاری ہو گا،الیکشن کمیشن،کے پی کے بائیو میٹرک سسٹم پر اصرار نہیں کررہا تاہم پشاور میں اس سسٹم کے تحت انتخابات کے امکانات ہیں،ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 3 دسمبر 2014 08:19

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3دسمبر۔2014ء )ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن عثمان علی نے کہا ہے کہ پنجاب اورسندھ میں الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کا اختیار مل چکا ہے اور یہ کام چھ ماہ میں مکمل کرلیاجائے گا ، صوبہ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول اپریل کے آخر میں جاری کیاجائے گا۔منگل کو الیکشن کمیشن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن عثمان علی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے پنجاب اور سندھ کے حکام کوبلایا تھا جس میں دونوں صوبوں کے صوبائی الیکشن کمشنر اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے شرکت کی اور حلقہ بندیوں کے امور کا جائزہ لیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے قواعد وضوابط تیار ہو چکے ہیں جن کی منظوری الیکشن کمیشن دے گا، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے قواعد میں ترمیم کیلئے 15 اور سندھ نے 30دن مانگے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں ، آفیسرز کی فہرست مہیا ہونے کے بعد ان پر باقاعدہ کام شروع کردے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا بائیو میٹرک سسٹم کے استعمال پر اصرار نہیں کررہا تاہم پشاور میں بائیو میٹرک سسٹم کے تحت بلدیاتی انتخابات ہونے کے امکانات ہیں، صوبہ خیبر پختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول اپریل کے آخر تک جاری کردیا جائے گا ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں 90لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں اور ہر دفعہ 5فیصد اضافی بیلٹ پیپر چھاپنے پڑتے ہیں ۔