ملک میں بجلی کا بحران بدستور جاری ،تھرمل پاور پلانٹس کو فرنس آئل کی قلت کے باعث بجلی کی مجموعی پیداوار میں کمی ہونے سے بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 4000 میگا واٹ ہو گیا

بدھ 3 دسمبر 2014 08:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3دسمبر۔2014ء)ملک میں بجلی کا بحران بدستور جاری ہے، بجلی کے تھرمل پاور پلانٹس کو فرنس آئل کی قلت کے باعث بجلی کی مجموعی پیداوار میں کمی ہونے سے بجلی کا شارٹ فال بڑھ کر 4000 میگا واٹ ہو گیا ہے، جس سے گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8گھنٹے اور دوسرے شہری ودیہی علاقوں میں 10سے 16گھنٹے معمول بن گیا ہے، بجلی کی غیر اعلانیہ وطویل لوڈشیڈنگ کے باعث عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، ذرائع وزارت پانی وبجلی کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی طلب 14000 میگا واٹ کے مقابلے میں بجلی کے ہائیڈل، تھرمل، آئی پی پیز پاور پلانٹس سے بجلی کی مجموعی پیداوار 10000 میگا واٹ حاصل ہوئی دوسری طرف صوبائی دارالحکومت کے اکثر علاقوں ٹاؤن شپ، اتفاق ٹاؤن ایکسٹینشن، مین بازار منصورہ، سبزہ زار، علامہ اقبال ٹاؤن ودیگر علاقوں میں گھروں میں گیس کی عدم دستیابی نے گھریلو صارفین کو شدید پریشانی میں مبتلا کررکھا ہے، شہریوں کے مطابق وفاقی حکومت گھریلو صارفین کیلئے گیس بحران کو فوری دور کرنے کیلئے اقدامات کرے۔

متعلقہ عنوان :