غیر ملکی فوجیں ساحلی شہر عدن پہنچنا شروع

جمعہ 3 اپریل 2015 07:19

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 اپریل۔2015ء)یمن سے موصول ہونے والی غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق غیر ملکی فوجیں ساحلی شہر عدن پہنچنا شروع ہوگئی ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ان فوجیوں کی قومیت کیا ہے۔جب سے حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا میں قبضہ جمانے کے بعد سے عدن شہر کی جانب پیش قدمی شروع کی ہے، عدن میں شدید لڑائی ہو رہی ہے۔گذشتہ ایک ہفتے سے سعودی عرب کی سربراہی میں بننے والے عرب ملکوں کے اتحاد کے جنگی طیاروں نے یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا شروع کر رکھا ہے۔

گذشتہ ہفتے حوثی باغی عدن شہر پر قبضہ کرنے کے نزدیک تھے جب صدر عبدربہ منصور ہادی ملک سے فرار ہو گئے۔جنوری میں دارالحکومت صنعا پر حوثی باغیوں کے قبضے کے بعد سے صدر ہادی نے عدن میں پناہ لے رکھی تھی۔

(جاری ہے)

حوثی باغیوں کا الزام ہے کہ صدر منصور ہادی بدعنوان ہیں اور وہ ان کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔خلیجی عرب ممالک الزام لگاتے ہیں کہ ایران حوثی باغیوں کو مالی اور فوجی امداد فراہم کر رہا ہے جبکہ ایران ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔

حوثی قبائل کو سابق صدر عبد الصالح کی حامی فوج کی حمایت بھی حاصل ہے۔جمعرات کے روز مقامی اہلکاروں نے بتایا ہے کہ القاعدہ کے جنگجووٴں نے ساحلی شہر مکلا میں جیل پر حملہ کر کے 150 قیدیوں کو رہا کرا لیا ہے۔ حکام نیکہا ہے کہ جیل سے جن قیدیوں کو رہا کرایا گیا ہے ان میں علاقائی القاعدہ کے سینئر رہنما بھی شامل ہیں۔