عوامی نیشنل پارٹی کا انتخابات میں دھاندلی سے متعلق بننے والے جوڈیشل کمیشن کو خیبرپختونخوا اور کراچی سے متعلق دھاندلی کے ثبوت دینے کا فیصلہ

جمعہ 3 اپریل 2015 07:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 اپریل۔2015ء)عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) نے انتخابات میں دھاندلی سے متعلق بننے والے جوڈیشل کمیشن کو خیبرپختونخوا اور کراچی سے متعلق دھاندلی کے ثبوت دینے کا فیصلہ کرلیا۔انتخابات میں دیگر جماعتیں الیکشن مہم چلا رہی تھی جبکہ ہم اپنے کارکنوں اور رہنماؤں کی لاشیں اٹھا رہے تھے۔

(جاری ہے)

اے این پی کے قریبی ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے خیبرپختونخوا اور کراچی میں اے این پی کو الیکشن کے دوران درپیش صورتحال سے متعلق آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں مختلف حلقوں سے شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اے این پی کو جنرل الیکشن کے موقع پر عسکری تنظیموں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں انتخابات کے دوران رہنماؤں اور کارکنوں پر خودکش حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی تفصیلات کمیشن کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اے این پی کے مطابق انتخابات کے دوران دیگر سیاسی جماعتیں آزادانہ طریقے سے اپنی مہم چلا رہے تھے جبکہ اے این پی کے کارکن اور رہنما اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھا رہے تھے جس کی وجہ سے انہیں انتخابات میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔