رومانیہ،انتہاپسندی کوفروغ دینے کے الزام میں سات غیرملکیوں کوملک بدری کاسامنا

پیر 6 اپریل 2015 03:52

بخارسٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 اپریل۔2015ء)رومانیہ داعش اور القاعدہ میں لوگوں کو بھرتی کروانے اور مشرقی یورپی ملک میں ان تنظیموں کے نظریات کو فروغ دینے کے الزام میں ملوث سات غیر ملکیوں کو ملک بدرکردے گا ۔رومانیہ کی داخلی انٹیلی جنس ایجنسی ایس آر آئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بخارسٹ کی اپیل عدالت نے اس ہفتے مختلف علیحدہ علیحدہ مقدموں میں فیصلہ دیا ہے کہ ان کے سات افراد پر تین سے سات سال تک ملک میں واپس آنے پر پابندی ہوگی ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ چھ غیر ملکیوں نے د ہشت گرد گروپوں القاعدہ اور داعش کی بنیاد پرست نظریات سے وابستہ ایک گروپ بنایا تھا اور وہ اسلامی انتہا پسندانہ پر چار کررہے تھے اور دہشت گردی سے متاثرہ متنازعہ علاقوں میں مذہبی اور فوجی تربیت کے لئے لوگوں کو بھرتی کروا رہے تھے ۔ساتویں ، جو تیونس کا باشندہ ہے ، نے ایک دہشت گرد گروپ کے لئے شہید ہونے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور نئے حمایتیوں کو ترغیب دینے میں مستقل اقدامات اٹھائے تھے ۔سینکڑوں خارجی جنگجو ، جن میں زیادہ تر یورپ سے ہیں ، نے جہادی گروپ داعش میں شمولیت اختیار کی ہے ، جس نے جنگ زدہ شام اور عراق کے بڑے حصوں پر قبضہ کرلیا ہے۔