شہبازشریف نے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ” خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، پنجاب کی تمام دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا عظیم الشان منصوبہ شروع،3 برس میں 150 ارب روپے خرچ ہونگے، دیہی سڑکوں کی تعمیر کیلئے ایک تاریخ ساز پروگرام پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے ،رواں برس 2 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و مرمت ہوگی، سڑکوں کی چوڑائی 10 فٹ سے بڑھا کر 12 فٹ کر د ی گئی ہے، تمام سڑکیں مکمل کارپٹڈ ہوں گی، دیہی معیشت میں انقلاب برپا ہوگا ، ”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے تحت صوئے آصل میں سڑک کی تعمیر و مرمت کے کام کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 6 اپریل 2015 03:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاکستان کی تاریخ کے دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے سب سے بڑے منصوبے ”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے جس کے تحت آئندہ 3 برس کے دوران مرحلہ وار صوبہ پنجاب کی تمام دیہی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی جائے گی جس پر تقریباً 150 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے آج ”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے تحت ضلع قصور کے علاقے صوئے آصل کی 8 کلومیٹر طویل سڑک لدھیکے بھلر تا پانڈوکی سڑک کی تعمیرو مرمت کا افتتاح کیا اور اس عظیم الشان پروگرام کی کامیابی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے تحت سڑک کی تعمیر و مرمت کے کام کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کیلئے ایک تاریخ ساز پروگرام پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے جس پر اربوں روپے خرچ کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

رواں برس 2 ہزار کلومیٹر طویل دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 15 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ پنجاب کے ہر ضلع میں”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“کے تحت دیہی سڑکوں کا جال بچھانے کے شاندار پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیہی علاقوں میں ان سڑکوں کی بھی تعمیر و مرمت کی جائے گی جو گزشتہ کئی دہائیوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں۔

”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے تحت دیہی علاقوں میں تعمیر و مرمت کے حوالے سے سڑکوں کی چوڑائی کو 10 فٹ سے بڑھا کر 12 فٹ کر دیا گیا ہے جبکہ شولڈرز شامل کرنے کے بعد چوڑائی 24 فٹ ہوگی۔ اس پروگرام کے تحت بننے والی تمام سڑکیں مکمل کارپٹڈ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دیہی علاقوں کی معیشت کو بلند کرنے کیلئے یہ ایک تاریخی اور عظیم منصوبہ ہے جس کا براہ راست فائدہ کسانوں اور دیہات میں بسنے والوں کو پہنچے گا۔

کسان کے چہرے پر خوشیاں آئیں گی اور دیہی معیشت پھلے پھولے گی۔ دیہی معیشت میں انقلاب برپا ہوگااور دیہی علاقے کے لوگوں کو روزگار کے ہزاروں نئے مواقع میسر آئیں گے۔ اس پروگرام سے دیہی علاقوں میں بسنے والے کروڑوں افراد مستفید ہوں گے۔ دیہی آبادی کو تیز رفتار آمد و رفت کی سہولتیں میسر آئیں گی اور ان علاقوں میں معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ایک نئے وژن کے تحت شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد کسانوں، کاشتکاروں اور دیہات میں بسنے والوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہے اور یہ پروگرام دیہی علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوگا۔ زراعت کی ترقی سے کسانوں کو ان کی فصلوں کا اچھا معاوضہ ملے گا۔ دیہات میں بسنے والوں کو سکولوں، کالجوں، ہسپتالوں اور دیگر مقامات پر آنے جانے میں آسانی رہے گی۔

پنجاب کی دیہی آبادی کو سماجی و معاشی ترقی کے ثمرات میسر آئیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج میں صوئے آصل میں ”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے تحت دیہی سڑکو ں کی تعمیر و مرمت کے کام کا باقاعدہ افتتاح کر رہا ہوں جبکہ پنجاب بھر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں اس پروگرام کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام کا افتتاح کر رہے ہیں۔

اس طرح دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام آج شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے تحت تعمیر و مرمت ہونے والی تمام سڑکوں کے اعلیٰ معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور اس ضمن میں تھرڈ پارٹی آڈٹ لازمی ہوگا اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کے بعد ہی ٹھیکیدار کو ادائیگی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت سڑکو ں کی تعمیر و مرمت کیلئے ٹھیکیداروں کا انتخاب انتہائی شفاف طریقے سے کیا گیا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ ٹھیکیدار”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے محنت، دیانت اور ایمانداری سے کام کریں گے اور سڑکوں کی تعمیر کے دوران معیار پر خصوصی توجہ دیں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ اس پروگرام کے تحت سب سے بہترین 3ٹھیکیداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں انعام و تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے جبکہ ان کنٹریکٹرز کی لیبر کو نقد انعام دیا جائے گا۔ اسی طرح 10 بہترین انجینئرز کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں بھی انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹس دیں گے لیکن اگر کسی نے غلط کام کیا تو انہیں کڑی سزا ملے گی کیونکہ یہ پیسہ پنجاب کے عوام کا ہے اور عوام کے خون پسینے کی کمائی میں ایک پیسے کی بھی خیانت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور فیلڈ افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے تحت بننے والی دیہی سڑکوں پر ہونے والے کام کا خود جائزہ لیں اور اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کریں کیونکہ اس عظیم پروگرام کا براہ راست تعلق کاشتکاروں اور کسانوں کی فلاح و بہبود سے جڑا ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں خود اس فلیگ شپ پروگرام کی نگرانی کروں گا اور اچانک دورے کرکے کام کے معیار کا جائزہ لوں گا کیونکہ میں نے آج تک معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور اس پروگرام کے تحت بننے والی سڑکوں کے معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا جس طرح ہم نے سات برس کے دوران دیگر منصوبوں کو مکمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگراموں کو پنجاب مزید آگے بڑھائیں گے اور محنت، عزم، امانت اور دیانت کے اصولوں کو اپنا کر آگے بڑھیں گے کیونکہ قوموں کی زندگی اسی طرح بنتی ہے اور یہی قوموں کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہے۔

اب باتیں کرنے، غفلت یا سستی کی کوئی گنجائش نہیں۔ اگر ہم نے بھی پاکستان کو عظیم ملک بنانا ہے تو محنت، امانت اور دیانت کے سنہری اصولوں پر چلنا ہوگا۔میں سمجھتا ہوں کہ یہی واحد راستہ ہے جس پر چلتے ہوئے ہم گھر، محلے، شہر اور ملک کو سنوار سکتے ہیں۔ معاشی طور پر خودمختار قوموں کی عزت دوست کے ساتھ دشمن بھی عزت کرتا ہے اور انشأاللہ پاکستان کو عظیم ملک بنا کر دم لیں گے جو معاشی طور پر آزاد و خودمختار ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ، حکومت پنجاب کی سیاسی و انتظامی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پروگرام کی تیاری کے حوالے سے محنت سے کام کیا۔ وزیراعلیٰ نے ”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے آئیڈیا کو عملی تعبیر دینے کے حوالے سے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات، چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام کو مبارکباد دی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کے افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی اور پروگرام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات، صوبائی وزیر خوراک، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :