یمن کے شہر عدن میں حوثی باغیوں کی گولا باری سے بچوں سمیت متعدد شہری ہلاک، باغیوں نے سرکاری عمارت پر قبضہ کر لیا،مختلف ممالک کا یمن سے اپنے شہریوں کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ، سابق صدر علی عبدالصالح یمن سے روس فرار ہوگئے ہیں، یمنی وزیر خارجہ ریاض یاسین کا دعویٰ

پیر 6 اپریل 2015 03:49

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 اپریل۔2015ء) یمن کے ساحلی شہر عدن کے علاقے موالا میں حوثی باغیوں نے ٹینکوں اور دیگر بھاری ہتھیاروں سے شہری علاقوں پر گولہ باری کی ہے جس میں بچوں سمیت متعدد شہری جاں بحق ہوگئے ، باغیو ں نے سرکاری عمارت پر قبضہ کر لیا جبکہ دیگر ممالک کا یمن سے اپنے شہریوں کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے،ادھر یمنی وزیر خارجہ ریاض یاسین نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر علی عبدالصالح یمن سے روس فرار ہوگئے ہیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق ساحلی شہر عدن کے علاقے موالا میں حوثی باغیوں نے ٹینکوں اور دیگر بھاری ہتھیاروں سے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا جب کہ ایک عرب ویب سائٹ کے مطابق اس کارروائی میں 14 کے قریب افراد ہلاک ہوئے جس میں بچے بھی شامل ہیں۔علاقہ دو دن سے بجلی اور پانی سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

شمالی یمن کے شہر دالیا میں حوثی باغیوں نے یرغمال بنائے گئے 7 افراد کو قتل کردیا جب کہ عدن میں اب بھی سرکاری افواج اور باغیوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں جب کہ متاثرہ علاقوں کے افراد کا کہنا ہے کہ کہ اگر صورت حال پر فوی قابو نہیں پایا گیا تو بہت جلد انسانی بحرا ن پیدا ہوسکتا ہے کیونکہ علاقے سے کھانے کی اشیا کے ساتھ پانی بھی ختم ہوتا جارہا ہے۔

دوسری جانب یمن کی حکومت ، سعودی عرب اور اتحادی ممالک کی جانب سے حوثی قبائل کے مضبوط علاقوں پر 11 روزہ فضائی کارروائیوں کے باوجود باغیوں کی پیش قدمی جاری ہے جب کہ انہیں حکومت سیالگ ہوجانے والے کچھ فوجی یونٹس کی مدد بھی حاصل ہے۔گزشتہ روا ریڈ کرسنٹ کی جانب سے امدادی کاموں کے لئے ایک روز کی جنگ بندی کی اپیل بھی کی گئی تھی۔ جس پر یمنی حکام کی جانب سے غور کیا جارہا ہے۔

یمن کے شہر مکلا میں باغیوں اور یمنی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہے۔تازہ جھڑپ کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ ادھر یمنی وزیر خارجہ ریاض یاسین نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر علی عبدالصالح یمن سے روس فرار ہوگئے ہیں۔یمن کے شہر عدن میں باغیو ں نے سرکاری عمارت پر قبضہ کر لیا ہے، جبکہ دیگر ممالک کا یمن سے اپنے شہریوں کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔باغیوں نے عدن میں واقع سرکاری عمارتوں سمیت متعدد عمارتوں کو آگ لگانے کے ساتھ ساتھ دیگرعمارتوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے، جس کی وجہ سے درجنوں شہری گھربارچھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہوچکے ہیں۔ یمن میں گزشتہ دو ہفتوں سے جاری لڑائی میں 550کے قریب افراد ہلاک ہوئے ہیں اور1700 سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔

متعلقہ عنوان :