یمن: سعودی اتحادیوں کی کارروائی اور تازہ جھڑپیں، 50افراد ہلاک،سرحد پر تازہ جھڑپ میں 3سعودی فوجی ہلاک 2زخمی،یمن میں اتحادی طیاروں نے 26 مارچ سے اب تک 12سو فضائی حملے کیے۔ حوثی باغیوں کی فضائی اور بیلسٹک صلاحیتیں بری طرح ناکام ہوئی ، فو جی تر جما ن

پیر 13 اپریل 2015 09:35

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 اپریل۔2015ء)یمن میں سعودی اتحادیوں کی فضائی کارروائی اور تازہ جھڑپوں میں مزید 50 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جبکہ یمن سرحد پر تازہ جھڑپ میں 3سعودی فوجی ہلاک اور 2زخمی ہوگئے ہیں۔ ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل احمد عسیری نے بتایا کہ یمن میں اتحادی طیاروں نے 26 مارچ سے اب تک 12سو فضائی حملے کیے۔

جس کے نتیجے میں حوثی باغیوں کی فضائی اور بیلسٹک صلاحیتیں بری طرح ناکام ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں زمینی کاروائی مناسب وقت پر شروع کردی جائے گی۔ سعودی وزارت دفاع کے مطابق آپریشن میں یمن کی سرحد پر جھڑپوں کے دوران اب تک 500باغی مارے جاچکے ہیں، جبکہ جمعہ کو جھڑپ کے دوران مارٹر حملے میں 3سعودی فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد سرحد پر جھڑپوں میں مرنے والے سعودی فوجیوں کی تعداد 6ہوگئی ہے۔

ایک غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تازہ حملوں میں صنعا کے شمال میں سابق صدر علی عبداللہ صالح کے حامیوں کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں8 باغی مارے گئے، جبکہ عدن میں سرکار کے حامی جنگوؤں اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپوں میں مزید 42افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ عالمی ادارے ریڈ کراس کے ترجمان کے مطابق حملوں کے باوجود اقوام متحدہ اور عالمی ریڈ کراس نے عدن اور صنعا میں 46ٹن سے زیادہ طبی اور دیگر امدادی سامان پہنچایا۔

متعلقہ عنوان :