بہت جلد ملک میں بجلی اورگیس کابحران ختم ہوجائے گا،وزیراعظم،چینی صدرکے دورے میں تاریخ سازسرمایہ کاری کے معاہد وں کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ،معاشی طورپرمستحکم پاکستان عزت وقارکاباعث بنے گا،سعودی عرب کوخطرے کی صورت میں کندھے سے کندھاملاکرچلیں گے ،سعودی عرب کی جانب سے کوئی مطالبات کی فہرست نہیں ملی ،اقتصادی راہداری منصوبوں سے گوادربین الاقوامی بندرگاہ بنے گا، لندن میں میڈیاسے گفتگو

ہفتہ 25 اپریل 2015 04:15

اسلام آباد/لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 اپریل۔2015ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہاہے کہ چینی صدرکے دورے پر46ارب ڈالرکی تاریخ سازسرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے ،جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ،معاشی طورپرمستحکم پاکستان عزت وقارکاباعث بنے گا،سعودی عرب کوخطرے کی صورت میں کندھے سے کندھاملاکرچلیں گے ،اقتصادی راہداری منصوبوں سے گوادربین الاقوامی بندرگاہ بنے گا،بہت جلدپاکستان میں بجلی اورگیس کابحران ختم ہوجائے گا۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے لندن میں اپنی رہائش گاہ کے باہرمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔نوازشریف نے کہاکہ یمن کے مسئلے پر پاکستان اورسعودی عرب میں ہم آہنگی موجودہے ،سعودی عرب پاکستان کادوست ملک ہے ،سعودی عرب سے پاکستان کے تعلقات بہت بہترہیں ،سعودی عرب کی خودمختاری پرکوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ،سعودی عرب پاکستان کابہترین دوست ہے،سعودی فرمانرواسے ملاقات مثبت اورمفیدرہی ،ان کاکہناتھاکہ سعودی عرب کی سلامتی کوخطرہ ہواتوہم پاکستانی کندھے سے کندھاملاکرکھڑے ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک صحافی کے سوال پرکہاکہ سعودی عرب کے دورے پرمیں گیاتھااوربتاآپ رہے ہیں ،سعودی عرب نے مطالبات کی کوئی فہرست پیش نہیں کی ،ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی ایک مثالی ہے ،چینی صدرکادورہ دھرنوں کے باعث تاخیرکاشکارہوتارہا،چینی صدرکادورہ انتہائی کامیاب رہا،دورے کے دوران چین سے متعددمعاہدے ہوئے ،چین پاکستان میں 46ارب ڈالرکی تاریخ سازسرمایہ کاری کررہاہے آج تک کے بعداتنی بڑی سرمایہ کاری کسی ترقی یافتہ ملک میں نہیں ہوئی ، اوراس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔

انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری کے اثرات پورے ملک پرمرتب ہوں گے ،چین سے معاہدوں کے تحت پورٹ قاسم میں نئے منصوبے لگائے جارہے ہیں یہ منصوبے مکمل ہوں گے توبجلی بھی آئے گی،پاکستان سے بجلی اورگیس کابحران جلدختم ہوجائے گا،گوادرسے نواب شاہ تک ایل این جی کی لائن لگے گی ،چینی سرمایہ کاری سے ملک سے بے روزگاری کاخاتمہ ہوگااورملک ترقی کریگا۔

چینی ورکرزکی سیکورٹی کیلئے خاص انتظامات کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ میڈیاصرف مصالحے دارچیزیں بتاتاہے ،ملک میں پٹرول اوربجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی اورمہنگائی4سال کی کم ترین سطح پرآگئی،میڈیایہ بھی عوام کوبتائے ۔انہوں نے کہاکہ ملک کے معاشی حالات دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہیں اورزرمبادلہ کے ذخائرتیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں ۔معاشی طورپرپاکستان مستحکم ہوگاتوعزت وقار کاباعث بنے گا۔نوازشریف نے کہاکہ برطانیہ سے پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں اورہمیشہ اچھے رہے ہیں ان کاکہناتھاکہ گوادرایک بین الاقوامی شہربننے جارہاہے ،گوادرپورٹ کے بعدوہاں پرایک بین الاقوامی ائیرپورٹ بنائیں گے۔