راولپنڈی،این ایل سی کے تحت میٹرو بس پراجیکٹ پیکج ٹو کا مری روڈ وارث خان پر دوسرا میٹرو بس اسٹیشن مکمل کر لیا گیا ، رحمان آباد کے مقام پر تیسرا بس ٹرمینل بھی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل،ڈائریکٹرانجینئرنگ این ایل سی بریگیڈیر مسعود چوہدری اور دیگر کی چیئر مین میٹرو بس محمد حنیف عباسی کو پیکج ٹو منصوبے کے دورے کے موقع پر بریفنگ ،میٹرو بس اسٹیشن کیلئے ا مریکہ ، اٹلی ، چائینہ ،جرمنی اور دیگر ممالک سے میٹریل درآمد کیا گیا ہے

جمعرات 30 اپریل 2015 08:41

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 اپریل۔2015ء)این ایل سی کے تحت میٹرو بس پراجیکٹ کمیٹی چوک سے سکستھ روڈ چوک تک پیکج ٹو کے تحت وارث خان چوک مری روڈ پر دوسر ے میٹرو بس اسٹیشن کی تعمیرات مکمل کر لی گئی ہے اور رحمان آباد کے مقام پر تیسرا ٹرمینل بھی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔وارث خان کے مقام پر اب تک میٹرو بس پراجیکٹ راولپنڈی روٹ پر مکمل ہونے والا یہ دوسرا بس اسٹیشن ہے ۔

یہ بات این ایل سی کے ڈائریکٹر انجینئرنگ بریگیڈیر (ر) مسعود چوہدری نے گذشتہ روزمیٹرو بس پراجیکٹ کے سربراہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما محمد حنیف عباسی کو چاندنی چوک پر این ایل سی کے پروجیکٹ کمیپ آفس میں دی جانے والی ایک خصوصی بریفنگ میں بتائی گئی ہے۔ محمد حنیف عباسی نے این ایل سی کے انجینئرز کے ہمراہ میٹرو پیکج ٹو کے ٹریک اور منصوبے کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا اور تعمیراتی کا موں کا آن دی سپاٹ جائزہ بھی لیا ہے ۔

(جاری ہے)

محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ ، خوبصورتی ، تیز رفتار اور آرام دہ سفرکے حوالے سے اپنی مثال آپ اور وزیر اعظم پاکستا ن محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن )کی حکومت کا ایک قابل فخر کارنامہ ہے جو اس وقت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ انھوں کہاکہ غیر موافق موسم اور مسلسل بارشوں کے باوجود میٹرو بس پراجیکٹ کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی بھر پور جدو جہد کی گئی ہے اور اس کی تکمیل سے شہری ٹرانسپورٹ کی جدید سہولیات سے مستفید ہوں گے۔

اور اس عظیم منصوبے کا افتتاح بھی تاریخ ساز ہوگا اور اس موقع پر این ایل سی کے آفیشنلز نے بتایا کہ میٹرو بس اسٹیشنز کو خوبصورت اور جازب نظر بنانے کے لئے اسے خصوصی ڈیزائنگ کی مناسبت سے آراستہ کیا گیا ہے اور اس میں امریکہ ، اٹلی ، چائینہ ،جرمنی اوردیگر ممالک سے سے درآمدشدہ جدید تقاضوں کے مطابق اور مضبوط میٹریل استعمال کیا گیا ہے جس میں شیشہ ، ایلمونیم ، ٹائلیں، ایکسکلیٹر شامل ہیں۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ کمیٹی چوک سے سکستھ روڈ چوک تک پیکج ٹو کے فلائی آور کاکام 95 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے ، روٹ کے زمینی حصے کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ مری روڈ کی تعمیر نو بھی مقررہ مدت سے پہلے مکمل کی گئی ہے منصوبے کو اسکو اس وقت فائنل ٹچ دیا جارہا ہے ، وراث خان کا میٹرو اسٹیشن صرف 7 ہفتوں میں مکمل کیا گیا ہے وارث خان کے بس ٹرمینل کی بنیاد 6 مارچ کو ڈالی گئی تھی اور سب سے کم وقت میں یہ بس اسٹیشن مکمل کیا گیا ہے جس کا کریڈٹ این ایل سی کے انجینئرز، ماہرین سمیت کارکناں کو جاتا ہے محمد حنیف عباسی کو بتایا گیا کہ رحمان آباد میٹرو بس اسٹیشن کا کام بھی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے ۔

شہریوں اور تاجروں نے پیکج ٹو کے مشکل روٹ پر انتہائی مہارت اور تیز رفتاری سے تعمیراتی کام کی تکمیل پر این ایل سی کے انجینئرز اور تعمیراتی ٹیم کے اراکین کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ میٹرو کی تکمیل سے اہلیان راولپنڈی و اسلام آباد کی سفری مشکلات دور ہوں گی اور یہ منصوبہ جڑواں شہروں کی اجتماعی خوبصورتی میں بھی اضافے کا باعث بنے گا۔

میٹرو بس منصوبے کے سربراہ محمد حنیف عباسی نے این ایل سی کی پیکج ٹو کے منصوبے پر کام کے میعار ،کارکردگی کو بھی سراہا ہے اور کہا ہے اس عظیم منصوبے کے ثمرات جلد راولپینڈی اور اسلام آباد کے عوام کو ملنے والے ہیں انھوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کی تقریب بھی ایک تاریخ ساز اہمیت کی حامل ہوگی اس موقع پر این ایل سی کی جانب سے انکو پروجیکٹ کے تمام پہلووں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی ہے