زمبابوے کی سیکورٹی ٹیم 4 مئی کو لاہور آئے گی: شہریار خان، وقار یونس کے بارے میں افواہیں گرم ہیں ، فیصلہ ٹھنڈے دماغ سے کرینگے ، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 30 اپریل 2015 08:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 اپریل۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کہتے ہیں کہ زمبابوے کی سیکورٹی ٹیم 4 مئی کو لاہور آئے گی جبکہ کوچ وقار یونس کے مستقبل کا فیصلہ ٹھنڈے دماغ سے کریں گے۔ قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ زمبابوے ٹیم کی میزبانی کے حوالے سے وزیر اعلی شہباز شریف نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

شہریار خان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کی سیکورٹی ٹیم 4 مئی کو لاہور پہنچے گی حتمی فیصلے کے بعد زمبابوے کرکٹ ٹیم تمام میچز لاہور میں کھیلے گی۔ چیئرمین پی سی بی نے بنگلادیش میں ناکامیوں سے دوچار قومی ٹیم پر بھی بات کی۔ کہتے ہیں کہ وہ قومی ٹیم اور آفیشلز سے ملنے کل بنگلادیش جائیں گے۔ یہ بھی واضح کیا کہ ہیڈ کوچ وقار یونس کے مستقبل کا فیصلہ ٹھنڈے دماغ سے کرنا چاہتے ہیں اس پر وہ ٹیم منیجر، ٹیسٹ اور ون ڈے کپتانوں سے بات کریں گے۔