لاہور ، پنڈی اور سیالکوٹ کے انتخابی نتائج سے سچ سامنے آ گیا : حمزہ شہباز ،مخالفین ان حلقوں میں دھاندلی کا زیادہ شور مچاتے تھے ، ثابت ہو گیا دھرنوں سے قوم کا وقت ضائع کیا گیا ،جوڈیشل کمیشن دھاندلی کا ثبوت مانگتی ہے تویہ لوگ بات گول کرجاتے ہیں ، قوم ان کا احتساب کرے گی ، پشاور کے طوفان متاثر ین کیلئے امدادی سامان روانہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت

جمعرات 30 اپریل 2015 08:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 اپریل۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماو رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن سے امدادی سامان کے 20 ٹرک پشاور اور گردونواح میں طوفانی بارشوں کے متاثرہ افراد کے لئے روانہ کئے - اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے مشکل کی اس گھڑی میں اپنے پختون بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا اور ان کے غم میں برابر کا شریک ہے - انہوں نے کہا کہ پنجاب نے قدرتی آفات اور آزمائش کے ہر دور میں باقی صوبوں کی بھر پور مدد کر کے قومی یکجہتی اور باہمی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیا ہے-انہوں نے کہا کہ سوات آپریشن کے دوران بے گھر ہونے والے 40 لاکھ لوگوں کے علاج معالجے کے لئے پنجاب حکومت کی طرف سے بھیجے جانے والے ڈاکٹرز اور نرسیں متاثرہ افراد کی بحالی تک وہیں کام کرتے رہے جبکہ بلوچستان کے عوام کے لئے پنجاب حکومت ایک بہت بڑا ہسپتال بنوا رہی ہے - صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ دھرنے والوں کے پاس اتنا وقت بھی نہیں تھا کہ وہ سیلاب میں گھرے 2 کروڑ عوام کی طرف بھی توجہ دیتے -ان لوگوں نے سیلاب پر بھی سیاست کی اور مصیبت زدہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکا - مخص باتیں کرنے سے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوتے - حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ قوم سوال کر رہی ہے کہ دھرنے والوں نے ان کے سات قیمتی ماہ کیوں ضائع کئے- اب جوڈیشل کمیشن قائم ہوا ہے اور جب جوڈیشل کمیشن کی طرف سے ان لوگوں کو دھاندلی کے ثبوت لانے کے لئے کہا جاتا ہے تو یہ بات کو گول مول کر جاتے ہیں - قوم ان لوگوں کی ہر غلط بیانی اور جھوٹ کا احتساب کرے گی کیونکہ ان لوگوں نے قوم کے جذبوں کی توہین کی ہے - ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ لاہور ، راولپنڈی اور سیالکوٹ کے جن حلقوں کے بارے میں تحریک انصاف دھاندلی کا زیادہ شور مچاتی تھی وہاں کنٹونمنٹ بورڈکے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) واضح اکثریت سے جیتی ہے - ان انتخابی نتائج سے سچ سامنے آ گیا ہے اور یہ بات واضح ہو گئی کہ و ہ ان لوگوں نے انتشار اور دھرنوں کی سیاست کر کے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا -انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری توجہ چین کی مدد سے توانائی کے پیداوار ی منصوبوں کی تکمیل پر مرکوز ہے - ہمیں ان لوگوں کی جھوٹ کی سیاست سے کوئی سروکار نہیں - ہماری قیادت قوم سے کئے گئے وعدوں پر پورا اترنے کے لئے دن رات محنت اور کاوش کر رہی ہے تاکہ عوام کے مسائل حل ہو سکیں - واضح رہے کہ دو کروڑ روپے کی مالیت کے 20 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان پی ڈی ایم اے پنجاب کے اعلی حکام وزیر داخلہ پنجاب کی سربراہی میں خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کریں گے - یہ امدادی سامان ٹینٹ ، مچھردانیوں ،چٹائیوں اور چاول کے تھیلوں سمیت آٹے ، چینی ، گھی ، دالوں اور چائے وخشک دودھ کے فوڈ ہیمپرز پر مشتمل ہے -