پہلا ٹیسٹ دوسرا دن پاکستانی باؤلرز اور پلیئرز کے نام ،محمد حفیظ کی شاندار سنچری پاکستان کی میچ میں گرفت مضبوط ہوگئی ، دوسرے دن بنگلہ دیش کی پوری ٹیم332رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی ،وہاب ویاض اور یاسر شاہ نے تین تین جبکہ حفیظ اور ذوالفقار بابر نے دو دو وکٹوں کا بٹوارا کیا،پاکستان نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر رنز بنا لیے ہیں، اظہر 65 اوعر حفیظ 137 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں،دونوں کھلاڑی اب تک دوسری وکٹ کے لیے 177 رنز جوڑ چکے ہیں جبکہ پاکستان کو بنگلہ دیش کا پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 105 رنز درکار جبکہ اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں

جمعرات 30 اپریل 2015 08:18

کھلنا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 اپریل۔2015ء) پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں باوٴلرز اور محمد حفیظ کی شاندار کارکردگی کی بدولت میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔کھلنا میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بنگلہ دیش نے 236 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ میزبان ٹیم بڑا مجموعہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے سبب وہ ایسا کرنے میں ناکام رہی۔

دن کے آغاز میں ہی شکیب الرحمان کی صورت میں بنگلہ دیش کو بڑا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب وہ 243 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر سومیا سرکار اور کپتان مشفیق الرحیم نے چھٹی وکٹ کے لیے 62 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن اسی اسکور پر محمد حفیظ نے سومیا کی اننگ کا خاتمہ کردیا۔

(جاری ہے)

اسکور میں پانچ رنز کے اضافے سے مشفیق یاسر شاہ کی گیند پر اپنے پاکستانی ہم منصب کو کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد کوئی اور کھلاڑئی زیادہ دیر وکٹ پر قیام نہ کر سکا اور پوری ٹیم 332 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے وہاب ویاض اور یاسر شاہ نے تین تین جبکہ حفیظ اور ذوالفقار بابر نے دو دو وکٹوں کا بٹوارا کیا۔جواب میں پاکستان نے اننگ کا آغاز کیا تو پہلا میچ کھیلنے والے سمیع اسلم نے حفیظ کے ساتھ ٹیم کو 50 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن 20 رنز بنانے کے بعد وہ تیج الاسلام کا شکار بن گئے۔

اس کے بعد اظہر علی نے کریز پر حفیظ کو جوائن کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے بنگلہ دیشی باوٴلنگ کا اعتماد سے سامنا کیا۔اس دوران حفیظ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ اپنی سنچری مکمل کر لی، انہوں نے 122 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔دونوں نے دن کے اختتام تک مزید کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی جس کی بدولت میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط ہو چکی ہے۔پاکستان نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 227رنز بنا لیے ہیں، اظہر 65 اوعر حفیظ 137 رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔دونوں کھلاڑی اب تک دوسری وکٹ کے لیے 177 رنز جوڑ چکے ہیں جبکہ پاکستان کو بنگلہ دیش کا پہلی اننگ کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 105 رنز درکار جبکہ اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔