الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے سکیورٹی پلان تیار کرلیا، پولیس ، ایف سی ، آرمی اور دیگر سکیورٹی ادارے بلدیاتی انتخابات کیلئے خدمات سرانجام دینگے

جمعرات 30 اپریل 2015 08:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 اپریل۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے سکیورٹی پلان تیار کرلیا ، پولیس ، ایف سی ، آرمی اور دیگر سکیورٹی ادارے بلدیاتی انتخابات کیلئے خدمات سرانجام دینگے ۔سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے بدھ کے روز اسلام آباد میں خیبر پختونخواہ کے چیف سیکرٹری ، آئی جی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے صوبائی ادارے جن میں پولیس ، فرنٹیر کور اورپاکستان آرمی اور دیگر ادارے بلدیاتی انتخابات کیلئے خدمات سرانجام دینگے ۔

اسلام آباد میں اضافی ایف سی کو طلب کرنے کیلئے وزارت داخلہ سے رابطہ کیاجائے گا حساس اور انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کے تعین کے بعد ہی فوج کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیاجائے گا ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں خیبر پختونخواہ میں سکیورٹی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخواہ میں تیس مئی کو بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ ہوگی سات جون کو نتائج کا اعلان کیاجائے گا ویلیج کونسل اور نیبر ہڈ کونسل (شہری علاقے) میں 3339 ہیں کل نشستیں 39806ہیں 11، 170پولنگ سٹیشن قائم کئے جائینگے جن میں پولنگ بوتھ ی تعداد 30377 ہوگی ۔

چوبیس اضلاع میں انتخابات ہونگے کوہستان میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہونگے کل بیلٹ پیپرز سات کروڑ سے زائد چھاپے جائینگے ۔ انہوں نے بتایا کہ کے پی کے میں ایک کروڑ تیس لاکھ پنتیس ہزار سات سو انسٹھ ووٹر ہیں ۔11117پولنگ سٹیشن ہونگے ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ایک لاکھ پنتیس ہزار بائیس کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں دس ہزار دو سو اکانوے کاغذات مسترد کردیئے گئے ہیں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 93ہزار 231امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے ہیں ۔