صولت مرزااپنے کئے پر شرمند ہ ہیں، صدر ، وزیر اعظم اور آرمی چیف سے اپیل ہے انکی پھانسی کو 3 ماہ کیلئے موخر کیا جائے،اہلیہ کی پریس کانفرنس

ہفتہ 9 مئی 2015 07:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2015ء)کے ای ایس سی کے سابق مقتول ایم ڈی شاہد حامد کے قتل میں سزائے موت پانے والے مجرم صولت علی خان (صولت مرزا) کی اہلیہ نے کہا ہے کہ صولت مرزااپنے کئے پر شرمند ہ ہیں ہم صدر پاکستان ، وزیر اعظم اور آرمی چیف سے اپیل کرتے ہیں کہ صولت مرزا کی پھانسی کو 3 ماہ کے لئے موخر کیا جائے تاکہ شاہد حامد کے گھر والوں سے معافی مانگ سکیں۔

جمعہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صولت مرزا کی اہلیہ نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی رابطے میں ہیں ، انصاربرنی سے ملاقات کی ہے اور عاصمہ جہانگیر سے بھی اپیل کرتی ہوں کہ وہ شاہد حامد کے گھروالوں سے تصفیہ کرانے میں مددد کریں۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہم شاہد حامد کے گھر والوں سے رابطہ نہیں کیا جو ہماری غلطی تھی ،اب ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ ان سے معافی مانگ لی جائے۔

(جاری ہے)

صدر ، وزیر اعظم اور آرمی چیف سے اپیل کرتی ہوں کہ صولت مرز ا اورہم اپنے کئے پر شرمند ہ ہیں اس لئے کچھ دیر کا وقت مانگ رہے ہیں صولت مرزا کی پھانسی میں 2 سے 3 ماہ آگے بڑھا دی جائے ۔شاہد حامد کے گھر والے امریکہ میں مقیم ہیں وہاں تک رسائی کیلئے وقت درکار ہے ۔ہر چیز کی معافی ہوتی ہے اس لئے ہم شاہد حامد کے گھر والوں سے معافی مانگنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کراچی میں دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہوئے ہیں امن پسند قوتیں ہماراساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ صولت مرزا کی جانب سے مقتدر حلقوں کو لکھے گئے خطوط کا تاحال کوئی جواب نہیں ملا۔

متعلقہ عنوان :