اسلام آباد ،نیب اور ایس ای سی پی کا مشترکہ ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ ،یہ ٹاسک فورس نیب اور ایس ای سی پی کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ہو گی جو ایس ای سی پی کی طرف سے نیب کو بھیجے گئے کرپشن کے کیسوں پر تیزی سے کام کرے گی

ہفتہ 9 مئی 2015 07:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2015ء) چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) قمر زمان چوہدری کے ملک سے کرپشن کے پختہ عزم کی روشنی میں نیب اور سیکورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مشترکہ ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ ٹاسک فورس نیب اور ایس ای سی پی کے اعلیٰ حکام پر مشتمل ہو گی جو ایس ای سی پی کی طرف سے نیب کو بھیجے گئے کرپشن کے کیسوں پر تیزی سے کام کرے گی۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق جائنٹ ٹاسک فورس ایس ای سی پی کی طرف سے سٹاک ایکسچینجز کے بروکرز ہاؤسز کے ڈائریکٹرز اور انتظامیہ کے کرپشن اور فراڈ، بدعنوانی اور عوام کو بڑے پیمانے پر لوٹنے کے کیسوں کی ترجیحی بنیادوں پر انکوائری اور تحقیقات کرے گی اور بروکرز ہاؤسز کے ڈائریکٹرز اور سپانسرز کی طرف سے سرمایہ کاروں کا اپنے مفاد کیلئے استعمال کیا گیا پیسہ برآمد کرے گی۔

(جاری ہے)

ٹاسک فورس کے زیادہ پیشہ وارانہ ہم آہنگی اور آئینی طور پر کام کیلئے ایس ای سی پی کے دو اعلیٰ افسران ٹاسک فورس کا حصہ ہو ں گے یہ افسران ایس ای سی پی کے قانونی اور آپریشن ونگ سے ہوں گے اور دو افسران نیب سے ہوں گے جو کہ فائنانشل کرائم انویسٹی گیشن ونگ، آپریشن اور پراسیکیوشن ونگز سے ہوں گے۔ نیب نے یقین دلایا کہ ایس ای سی پی کے زیر التوا کیسوں کو قانون کے مطابق جلد نمٹایا جائے گا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جائے گا اور ملوث ملزمان کو عوام اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔