قائداعظم سولر پارک سے مزید 350 میگاواٹ بجلی رواں برس ، 550 میگاواٹ اگلے برس پیدا ہوگی:شہبازشریف،وزیراعلیٰ پنجاب سے جرمن سفیر کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات کے فروغ ، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ،توانائی بحران کا حل اولین ترجیح ہے، 2400 میگاوٹ کے منصوبے وفاقی حکومت جبکہ 1200 میگاواٹ کا منصوبہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے لگائے گی ،وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 9 مئی 2015 07:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جمعہ کو یہاں جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سیرل نن (Dr.Cyrill Nunn) نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ ، توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے جرمنی کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔

جرمنی پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے ۔ جرمنی کو توانائی کے شعبہ میں خاص مہارت حاصل ہے اور پاکستان اس ضمن میں جرمنی کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی کی کمی پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں ریکارڈ مدت میں مکمل ہونے 100 میگاواٹ کے سولر منصوبے سے بجلی کی پیداوارکامیابی سے جاری ہے ۔

100 میگاواٹ کا یہ سولر منصوبہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے لگایا ہے۔ قائداعظم سولر پارک سے مزید 350 میگاواٹ بجلی رواں برس جبکہ 550 میگاواٹ اگلے برس پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جرمن کنسلٹنٹ نے سولر منصوبے کے حوالے سے شاندار کام کیا ہے۔پنجاب میں متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول پر توجہ دینے کے ساتھ گیس سے3600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

2400 میگاوٹ کے منصوبے وفاقی حکومت جبکہ 1200 میگاواٹ کا منصوبہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے لگائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جرمن کمپنیوں کی جانب سے توانائی کے شعبہ میں تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں توانائی کے حصول کیلئے اتنی مخلصانہ کوششیں پہلے کبھی نہیں کی گئیں جتنی مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں کی جا رہی ہیں اور توانائی کے متعدد منصوبے 2017-18 تک بجلی پیدا کر رہے ہوں گے۔ جرمنی کے سفیر اس نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں اورپنجاب حکومت کے ساتھ توانائی و دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات کریں گے۔