گرین شرٹس نے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ ایک اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ،پہلی اننگز میں اظہر علی نے چھکا لگایا تو یہ پاکستان کے لیے ان کا ایک ہزارواں چھکا تھا جس کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہزار چھکے لگانے والی پہلی ایشین ٹیم بن گئی، بھارت 995کے ساتھ دوسرے ، آسٹریلیا 463کے ساتھ تیسرے ، نیوزی لینڈ 60چھکوں کی مدد سے چوتھے درجے پر ہے ، پاکستان نے 13 سال بعد فالو آن کرانے کا ایک اور موقع بھی گنوا دیا،پاکستان نے گزشتہ 13 سال سے کسی بھی ٹیم کو فالو آن نہیں کرایا

ہفتہ 9 مئی 2015 07:09

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2015ء) پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ ایک اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔میچ کے دوران جب پہلی اننگز میں اظہر علی نے چھکا لگایا تو یہ پاکستان کے لیے ان کا ایک ہزارواں چھکا تھا جس کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہزار چھکے لگانے والی پہلی ایشین ٹیم بن گئی ہے۔

اس میچ سے قبل پاکستان اور ہندوستان نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک برابر 995 چھکے لگائے تھے ۔ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والی ٹیم آسٹریلیا ہے جس نے اب تک ایک ہزار 463 چھکے لگائے ہیں۔اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ایک ہزار 429 چھکوں کے ساتھ ویسٹ انڈیز، انگلینڈ ایک ہزار 409 چھکوں کے ساتھ تیسرے جبکہ نیوزی لینڈ ایک ہزار 60 چھکوں کے ساتھ چوتھے درجے پر ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ پاکستان نے 13 سال بعد فالو آن کرانے کا ایک اور موقع بھی گنوا دیا۔پاکستان نے گزشتہ 13 سال سے کسی بھی ٹیم کو فالو آن نہیں کرایا لیکن گزشتہ سات ماہ میں پاکستان کے پاس یہ موقع تیسری مرتبہ آیا لیکن اس نے تینوں ہی مرتبہ خود حریف ٹیم کو کھلانے کے بجائے خود بیٹنگ کو ترجیح دی۔اس سے قبل نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف بھی پاکستان کو فالو آن کرانے کا موقع ملا تھا لیکن اس نے خود بیٹنگ کر کے اننگ سے فتح کا موقع گنوا دیا۔