بھارت میں راہبہ کے ریپ کا مرکزی ملزم گرفتار

ہفتہ 9 مئی 2015 07:38

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 مئی۔2015ء)بھارت کی ریاست مغربی بنگال کی پولیس نے ایک بوڑھی راہبہ کو ریپ کرنے والے مشتبہ مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی مطابق بھارت کے کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے بدھ کی رات گئے ملون سرکار اور ایک دوسرے شخص کو گرفتار کیا۔ابھی یہ واضح نہیں کہ ملون سرکار نے اس کیس میں مبینہ طورکیا کردار ادا کیا تھا۔

ملزمان نے رواں برس مارچ میں پہلے عیسائی راہباوٴں کی خانقاہ کو لوٹا پھر ایک 74 سالہ راہبہ کو ریپ کر دیا۔اس سے پہلے پولیس نے چھ مبینہ حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا۔خیال رہے کہ راہبہ کے ریپ کے واقعے کے بعد پورے بھارت میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور کئی شہروں میں احتجاجی جلوس نکالے گئے تھے۔

(جاری ہے)

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس واقعے پر ’گہری تشویش‘ کا اظہار کیا تھا اور مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بینرجی نے حملہ آوروں کے خلاف تیز اور سخت کارروائی کا وعدہ کیا تھا۔

بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے سینیئر پولیس اہل کار دلیپ کمار آدک نے اس سے پہلے کہا تھا کہ واقعے میں مبینہ طور پر ملوث تمام آٹھ ملزمان کی نشاندہی ہو چکی ہے۔حملہ آوروں نے رواں برس 14 مارچ کو رانا گھاٹ ٹاوٴن میں ایک خانقاہ کی پہلے بری طرح تلاشی لی اور توڑ پھوڑ کی، وہاں سے پیسے چرائے اور پھر ایک راہبہ کو ریپ کیا تھا۔بھارت میں حالیہ مہینوں میں کلیساوٴں اور عیسائی اداروں پر متعدد حملے کیے جا چکے ہیں جس کی وجہ سے عیسائی برادری میں تشویش پائی جاتی ہے

متعلقہ عنوان :