یمن: مراکش کا ایف 16 طیارہ پائلٹ سمیت لاپتا ، لاپتا جہاز کا سراغ لگانے کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا

منگل 12 مئی 2015 08:49

صنعاء ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مئی۔2015ء )یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی سربراہی میں جاری فضائی کارروائیوں کی مہم میں شامل ایک مراکشی ایف 16 طیارہ لاپتا ہوگیا ہے.مراکش کی سرکاری نیوز ایجنسی ایم اے پی کے مطابق مراکشی مسلح افواج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ جہاز گزشتہ شام 6 بجے سے لاپتا ہے.

(جاری ہے)

لاپتا جہاز کے ساتھ موجود دوسرے جہاز کے پائلٹ نے ایف 16 کے پائلٹ کو جہاز سے باہر نکلتے نہیں دیکھا.مراکش 26 مارچ کو آپریشن فیصلہ کن طوفان کے آغاز سے ہی حوثی مخالف سعودی اتحاد میں شامل رہا ہے. مراکش کے چھ ایف 16 جہاز متحدہ عرب امارات میں تعینات ہیں تاکہ وہ یمن میں کارروائیاں کرسکیں.مراکشی فوج کے بیان کے مطابق لاپتا جہاز کا سراغ لگانے کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔