لاہور، تہمینہ دولتانہ نے جائیدادکیلئے والدہ کو ذہنی معذور ظاہر کر کے عدالت سے بیٹے کے نام پر گارڈین شپ حاصل کر لی

منگل 12 مئی 2015 08:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مئی۔2015ء) مسلم لیگ ن کی رہنماتہمینہ دولتانہ نے جائیداد کے لئے اپنی ہی والدہ کو ذہنی معذور ظاہر کر کے سول عدالت سے اپنے بیٹے کے نام پر گارڈین شپ حاصل کر لی،تہمینہ دولتانہ کے بہن بھائیوں نے ماتحت عدالت کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

تہمینہ دولتانہ کی بہن کے وکیل راجہ عبدالرحمن نے عدالت کو بتایا کہ تہمینہ دولتانہ نے جائیداد کے حصول کے لئے عدالت سے غلط بیانی کر کے اپنی والدہ کوذہنی معذور ظاہر کیااور اپنے بیٹے کے حق میں گارڈین شپ حاصل کر لی۔انہوں نے کہا کہ سول عدالت نے بھی تہمینہ دولتانہ کے بیان حلفی کی روشنی میں یکطرفہ فیصلہ سنایا اور فیصلہ کرنے سے قبل تہمینہ دولتانہ کے دیگر بہن بھائیوں کا موقف نہیں سنا۔

انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تہمینہ دولتانہ کی والدہ عمر رسید ضرور ہیں مگر ذہنی معذور ہر گز نہیں ہیں لہذا سول عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ گارڈین شپ حاصل کرتے وقت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی رائے لی گئی تھی یا نہیں۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :