بلوچستان سے غربت، پسماندگی اور جہالت کا خاتمہ حکومتی ایجنڈا ہے،وزیراعلی بلوچستان ، نعروں سے بلوچستان کے عوام کی غربت ختم ہوگی نہ کسی کا پیٹ بھرے گا، بلوچستان کے عوام کو ملک کے عوام سے ساتھ جوڑ کر عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے جدوجہد کریں گے، طلبا میں انعامات کی تقسیم کے دوران خطاب

منگل 12 مئی 2015 08:56

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 مئی۔2015ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان سے غربت، پسماندگی اور جہالت کا خاتمہ موجودہ حکومت کا ایجنڈا ہے، نعروں سے بلوچستان کے عوام کی غربت ختم نہیں ہوگی اورنہ کسی کا پیٹ بھرے گا، بلوچستان کے عوام کو ملک کے عوام سے ساتھ جوڑ کر عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے جدوجہد کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چلڈرن اکیڈیمی کے زیر اہتمام نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں گولڈ میڈل و دیگر انعامات کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ آج ہمارے بچوں کو تعلیم کے حصول اور افادیت کا احساس ہے، طلباء لیپ ٹاپ ، قابل اساتذہ اور تعلیمی سہولیات کا مطالبہ کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج کی صدی علم و ہنر کی صدی ہے، ترقی و خوشحالی کا راستہ بہتر اور معیاری تعلیم کے حصول سے ہو کر گزرتا ہے، نعرہ بازی کا وقت گزر چکا اگر نعروں سے خوشحالی اور ترقی آتی تو ہم کب کے ترقی کر چکے ہوتے، نعروں سے غربت کا خاتمہ نہیں ہوتا اور نہ ہی کسی کا پیٹ بھرتا ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اللہ نے سب انسانوں کو برابر پیدا کیا ہے لیکن وہ مواقع ہیں جو کسی کو تعلیم یافتہ ہنر مند اور کسی کو غریت و پسماندہ بنا دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ اپنے بچوں کو بہتر اور معیاری تعلیم کے حصول کے لیے تمام تر سہولیات اور مواقع فراہم کرینگے، پہلی مرتبہ اساتذہ کو این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی کیا جا رہا ہے، پبلک سروس کمیشن میں بھی بہتر شہرت کے حامل غیر سیاسی اور غیر جانبدار شخص کو چیئرمین تعینات کیا گیا ہے، تاکہ قابل اور محنتی لوگوں کی حق تلفی نہ ہو، انہوں نے کہا کہ میرا تعلق عام طبقے سے ہے کل کوئی مجھے یہ طعنہ نہ دے کہ آپ کے وقت میں بھی پوسٹیں فروخت ہوتی رہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے چلڈرن اکیڈیمی کے لیے 10لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے پاکستان چلڈرن اکیڈیمی کی چیئرپرسن بیگم ثاقبہ رحیم الدین، وائس چیئرمین پروفیسر فضل حق میر نے بھی خطاب کیا، تقریب میں مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات نے ملی نغمے، نعت خوانی، تقاریر کے علاوہ مختلف خاکے بھی پیش کئے اور حاضرین سے خوب داد وصول کی، آخر میں وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے نمایاں پوزیشن اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں گولڈ میڈل اور انعامات تقسیم کئے

متعلقہ عنوان :