امر یکہ ،چھ چینی باشندوں پر اقتصادی جاسوسی کی فرد جرم عائد،چینی باشندوں پر بائل فونز میں استعمال ہونے والی حساس ٹیکنالوجی کی چوری کا الزام ہے

جمعرات 21 مئی 2015 05:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 مئی۔2015ء)امریکی حکام نے چھ چینی باشندوں پر اقتصادی جاسوسی کے الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ان افراد پر مبینہ طور پر موبائل فونز میں استعمال ہونے والی حساس ٹیکنالوجی کی چوری کا الزام ہے۔الزامات کا سامنا کرنے والے چھ چینی افراد میں سے تین مختلف جامعات کے اساتذہ ہیں اور ان پر اس ٹیکنالوجی کو چینی جامعات اور کمپنیوں کے فائدے کے لیے استعمال کرنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔

ان چھ میں سے ایک ملزم اور تیانجان یونیورسٹی کے پروفیسر ہاوٴ زہانگ اس مقدمے میں زیرِ حراست ہیں جبکہ بقیہ پانچ کے بارے میں خیال ہے کہ وہ چین میں ہیں۔امریکی محکمہ انصاف نے عدالت میں جو دستاویزات پیش کی ہیں ان کے مطابق ٹیکنالوجی کی چوری کا مبینہ منصوبہ ایک دہائی سے زیادہ عرصہ قبل شروع ہوا تھا۔

(جاری ہے)

استغاثہ کا کہنا ہے کہ ہاوٴ زہانگ نے اپنی یونیورسٹی کے ایک اور پروفیسر وی پانگ سے مل کر اپنے امریکی آجروں سے ایف بی اے آر ٹیکنالوجی چرانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

یہ ٹیکنالوجی موبائل فونز اور دیگر آلات کو غیر ضروری سگنلز سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتی ہے۔امریکی حکام کے مطابق ہاوٴ، وی اور ان کے دیگر ساتھیوں نے پھر تیانجان میں ایک کمپنی کی بنیاد رکھی جہاں چوری شدہ ٹیکنالوجی کی مدد سے ایف بی اے آر تیار کیے جاتے تھے۔قومی سلامتی کے لیے امریکہ کے نائب اٹارنی جنرل جان کارلن کا کہنا تھا کہ ’ملزمان نے حساس امریکی ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے اپنی رسائی اور علم کا فائدہ اٹھایا اور امریکہ کے تجارتی راز اقتصادی فائدے کے لیے (چینی حکومت کو) فراہم کیے۔

‘اگر ان چھ چینی باشندوں پر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو انھیں طویل عرصے تک قید کی سزا ہو سکتی ہے تاہم بی بی سی کا کہنا ہے بظاہر یہ مشکل دکھائی دیتا ہے کہ بیشتر ملزمان کو مجرم قرار دلوایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :