”کیپٹن صفدر کا عمران خان کو چیلنج“،عمران راولپنڈی کی سیٹ چھوڑیں ،میں مانسہرہ کی سیٹ چھوڑتا ہوں،دوبارہ الیکشن لڑنے کو تیار ہوں،کیپٹن صفدر

جمعرات 21 مئی 2015 05:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 مئی۔2015ء)مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر)صفدر نے عمران خان کو مانسہرہ اور راولپنڈی میں قومی اسمبلی سیٹوں پر دوبارہ الیکشن لڑنے کا چیلنج کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن صفدر نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مجھ پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں،میرے حلقے میں دھاندلی کے حوالے سے عمران خان ثبوت پیش کریں ،بے بنیاد الزامات لگانے سے گریز کریں،انہوں نے کہا کہ عمران خان تین ماہ سے دھاندلی کا رونا رو تے رہے ہیں اور ان کی خواہش پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا گیا ہے لیکن آج تک عمران خان نے دھاندلی کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیاہے بلا وجہ قوم کا وقت ضائع کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی عمران خان میرے حلقہ مانسہرہ میں دھاندلی کے حوالے سے بے بنیاد الزامات لگائے ہیں،مسلم لیگ (ن) ایک مقبول جماعت ہے اور عام انتخابات میں پاکستانی عوام نے وزیر اعظم نواز شریف پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے،کیپٹن صدر نے عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ راولپنڈی کی سیٹ چھوڑ دیں اور میں مانسہرہ کی سیٹ چھوڑتا ہوں اور دونوں سیٹوں پر عمران خان کے خلاف الیکشن لڑنے کو تیارہوں پتہ چل جائے گا کہ عوام کس پارٹی کے ساتھ ہے۔