پولیس پاک زمبابوے کرکٹ میچوں پر سکیورٹی پر مامور، شہر بھر میں ڈاکوؤں کاراج،چند گھنٹوں میں ہونیوالی وارداتوں میں ڈاکو لاکھوں روپے نقدی‘قیمتی اشیاء ودیگر سامان لوٹ کر فرار

جمعرات 21 مئی 2015 05:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 مئی۔2015ء) صوبائی دارالحکومت میں پاکستان اور زمبابوے کرکٹ ٹیم کے مابین ہونے والے میچوں کے باعث پولیس کی ساری توجہ کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی کی جانب ہونے کی وجہ سے شہر میں چوروں ‘ ڈاکوؤں کو کھلی چھٹی مل گئی۔ گزشتہ روز صرف چند گھنٹوں میں ہونے والی وارداتوں میں ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں2 ڈاکوؤں نے مریم نامی خاتون سے پرس اور موبائل فون چھین لیا۔

(جاری ہے)

بادامی باغ کے علاقے میں تھری سٹار موبائل سنٹر سے ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر دکان اندر سے بند کرکے دکان میں موجود افراد کو یرغمال بنالیا اور دکان سے17لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ رنگ روڈ کے قریب آصف نامی شخص سے ڈاکوؤں نے ایک لاکھ روپے اور موبائل چھین لیا۔ نواب ٹاؤن کے علاقے میں قائم سلائی مشین شاپ سے سلائی مشین اور نقدی لے کر فرار ہوگئے جبکہ رائیونڈ سٹی سے اسلم نامی شخص بینک سے چیک کیش کرا کر نکلا تو ڈاکوؤں نے اسے گھیر لیا اور گن پوائنٹ پر لوٹ کرفرار ہوگئے۔ محض چند گھنٹوں میں ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں اندھیر مچادیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس ریسکیو15پر موصول ہونیوالی کالز کے مطابق گزشتہ روز شہر میں ڈاکوؤں کا راج تھا۔

متعلقہ عنوان :