بھارتی ریا ست راجستھان میں آندھی سے 13 افراد ہلاک ، 50 زخمی،100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آ ندھی سے زیادہ نقصان بیکانیر اور بھرت پور شہروں میں ہوا، درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے ،شہروں میں بجلی معطل ، ٹر یفک درہم بر ہم

جمعرات 21 مئی 2015 05:42

راجستھان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 مئی۔2015ء) بھا رت کی مغربی ریاست راجستھان میں منگل کو تیز ہواوٴں اور دھول بھری آندھی کے سبب کم از کم 13 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ تقریبا 50 افراد زخمی ہو گئے۔ حکا م کے مطا بق تقریبا 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواوٴں کے اثرات سے سب سے زیادہ نقصان بیکانیر اور بھرت پور شہروں میں ہوا ہے۔

راجستھان پولیس کے مطابق آندھی کی وجہ سے بھرت پور میں چار، دھولپور، جے پور، بیکانیر اور سوآ مادھوپر میں دو دو لوگوں کی موت ہو گئی۔انھوں نے کہا کہ ان اضلاع میں تقریبا 50 افراد زخمی بھی ہو گئے۔تیز ہواوٴں کے اثرات سے راجستھان کے کئی شہروں میں درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔ہوائیں اتنی تیز تھیں کہ ٹرانسفارمر بھی زمین پر آ گرے۔

(جاری ہے)

بیکانیر میں کم سے کم ایک ہزار بجلی کے کھمبے گر گئے اور کچے گھروں کی چھتوں سے چھپر اور ٹین کی چھتیں نیچے گر گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی راجستھان میں مغربی دباوٴ کی وجہ سے یہ آندھی اٹھی تھی۔ریاستی دارالحکومت جے پور میں 76 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ ریاست کے بعض علاقوں میں ہواوٴں کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ تھی۔ بعض مقامات پر بارش کے ساتھ اولے بھی پڑے۔ریاستی حکومت نے آندھی کے سبب حادثوں میں ہلاک ہونے والے لوگوں کے لواحقین کے لیے چار، چار لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔آندھی سے معمول کا ٹریفک متاثر ہو کر رہ گیا اور بعض شہروں میں بجلی بھی معطل ہو گئی۔آندھی کے بعد ہونے والی ہلکی بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے اور اس سے راجستھان کے علاوہ دہلی، ہریانہ اور مغربی اتر پردیش میں گرمی سے راحت ملی ہے۔

متعلقہ عنوان :